Monday January 20, 2025

بھارت،نیپال سرحد پر کشیدگی، نیپالی فورسز نے گولیاں چلا دیں

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت اور نیپال کی سرحدی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا، نیپالی فورسز نے سرحدی علاقے پر فائرنگ کر دی، 1 بھارتی شہری ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اور نیپال کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی میں جمعہ کے روز پیش آئے ایک واقعے کے بعد مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت کی ریاست بہار میں بھارت اور نیپال کے سرحدی علاقے میں جھڑپ ہوئی۔

بھارت سے کچھ لوگوں کی جانب سے غیر قانونی طور پر نیپال میں داخل ہونے کی کوشش کی جا رہی تھی، جب نیپالی فورسز نے گولیاں چلا دیں۔ نیپالی فورسز کی جانب سے فائر کھولے جانے کے نتیجے میں ایک بھارتی شہری ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھارتی شہریوں کو وارننگ دی گئی تھی، اس پر عمل نہ کرنے کے بعد اہلکار فائرنگ کرنے پر مجبور ہوئے۔ جبکہ اس حوالے سے بھارتی حکام نے تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ واضح رہے کہ کچھ متنازعہ علاقوں کی ملکیت کے حوالے سے بھارت اور نیپال کے درمیان حالیہ کچھ عرصے کے دوران کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔

FOLLOW US