Thursday May 16, 2024

سعودی عرب کا کھیلوں کی سرگرمیوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب کا کھیلوں کی سرگرمیوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان، مملکت میں 21 جون سے کھیلوں کے ایونٹ کے انعقاد کی اجازت ہوگی، تاہم تماشائی اسٹیڈیمز کا رخ نہیں کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کرونا وائرس پھیلاو کے باوجود مملکت میں کھیلوں کی سرگرمیاں پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سعودی وزارت کھیل نے اعلان کیا ہے کہ مملکت میں 21 جون سے کھیلوں کی سرگرمیاں دوبارۃ سے شروع کرنے کی اجازت ہوگی۔ جبکہ 4 اگست سے کلبز کو مقابلوں کے انعقاد کی بھی اجازت ہوگی۔ تاہم کرونا وائرس خطرات کے پیش نظر، احتیاطی تدابیر کے طور پر کسی بھی اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سعودی وزارت کھیل کا کہنا ہے کہ سعودی اولمپک کمیٹی اور اسپورٹس فیڈریشنز کیساتھ مل کر تمام صورتحال پر نظر رکھی گئی ہے۔

کوشش ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کی جائیں۔ تمام کھیلوں سے وابستہ کلبز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ ماہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے لگائے گئے لاک ڈاون کو نرم کر دیا تھا۔ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں کرفیو جیسی سخت پابندیاں ختم کی جا چکی ہیں۔ کاروباری سرگرمیاں، مساجد کھول دی گئی ہیں۔ تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل کروانے کیلئے سختی بھی کی جا رہی ہے۔ لاک ڈاون پابندیوں کے خاتمے کے بعد سے سعودی عرب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سعودی عرب اس وقت کرونا وائرس سے متاثرہ دنیا کا چوتھا بڑا اسلامی ملک ہے۔

FOLLOW US