ریاض(نیوز ڈیسک)ایک ماہ میں متحدہ عرب امارات کا دوسرا طیارہ اسرائیل پہنچ گیا، فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان پہنچا دیا گیا۔متحدہ عرب امارات نے ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں اپنا دوسرا طیارہ اسرائیل بھیج دیا۔ اسرائیل نے بھی طیارے کی آمد کی تصدیق کردی ۔حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری ایئر لائن ‘اتحاد ایئر ویز کے طیارے میں امدادی سامان موجود ہے جو کرونا وائرس سے متاثرہ فلسطینیوں کی مدد کے لیے بھیجا گیا ہے۔گزشتہ ماہ بھی متحدہ عرب امارات کی ایک پرواز فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے کر اسرائیل پہنچی تھی جسے فلسطینی حکام نے یہ کہہ کر لینے سے انکار کر دیا تھا
کہ اُنہیں اس امداد سے متعلق پہلے سے آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مئی کے وسط میں اسرائیل پہنچنے والے طیارے پر متحدہ عرب امارات کا لوگو نہیں تھا البتہ منگل کو اسرائیل کی سرزمین پر لینڈ کرنے والے طیارے پر امارات کی مہر موجود تھی۔اسرائیل کی وزارتِ خارجہ نے بھی تصدیق کی ہے کہ منگل کو اسرائیل پہنچنے والا طیارہ متحدہ عرب امارات کی ایک ماہ کے دوران آنے والی دوسری براہِ راست پرواز ہے جس میں فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان بھیجا گیا ہے۔اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی بھیجی جانے والی اقوامِ متحدہ کے ذمہ داروں کے حوالے کی جائے گی جو اسے آگے تقسیم کریں گے۔