پیرس (نیوز ڈیسک) دنیا کے مشہور ترین سیاحتی مقام ایفل ٹاور کو دوبارہ کھولنے کا اعلان، فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع تاریخی ٹاور کو 25 جون کو سیاحوں کی آمد کیلئے کھول دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق فرانس کی حکومت نے ملک کے سب سے مشہور تاریخی اور سیاحتی مقام ایفل ٹاور کو دوباہ سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کی فرانس کے دارالحکومت پیرس میں واقع تاریخی و سیاحتی مقام کو کرونا وائرس پھیلاو کے باعث 3 ماہ کیلئے بند رکھا گیا۔
عالمی جنگ دوئم کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب ایفل ٹاور اتنے طویل عرصے کیلئے بند کیا گیا۔ اب اس مقام کو 25 جون کو سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا۔ حکام نے اعلان کیا ہے کہ ایفل ٹاور کا رخ کرنے والے افراد پر فیس ماسک پہننا لازم ہوگا۔
واضح رہے کہ فرانس میں اب تک کرونا وائرس کے 1 لاکھ 54 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جبکہ یورپی ملک میں اب تک 29,212 افراد کرونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار چکے۔ جبکہ دوسری جانب دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 72 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جب کہ اب تک اس وبا سے 4 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ منگل کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق مریضوں کی تعداد کے حوالے سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا سے اموات کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات امریکہ میں ہوئی جہاں 113055 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 20لاکھ سے زائد ہے۔ کورونا وائرس سے برطانیہ میں اب تک 40,680 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برازیل میں یہ تعداد 36,455، اٹلی میں 33,964، سپین میں 27,136، میکسیکومیں 13,699، بیلجئیم میں 9,606، جرمنی میں 8,695، ایران میں 8,351 اور بھارت میں7,473 ہے۔