Friday November 29, 2024

سعودی شاہی خاندان سوگ میں ڈُوب گیا

ریاض : اس وقت سعودی مملکت میں سوگ کا سماں ہے۔ شاہی خاندان اور سعودی عوام دْکھ سے دوچار ہیں۔ اس کی وجہ سعودی عرب کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے اہم فرد کا گزشتہ روز انتقال کر جانا ہے۔شاہی خاندان کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ شاہی خاندان کے رُکن اور معروف شہزادہ سعود بن عبداللہ بن فیصل بن عبدالعزیز السعود انتقال فر ما گئے ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ شہزادہ سعود بن عبداللہ بن فیصل بن عبدالعزیز السعود کی نماز جنازہ کل بعد از نماز جمعہ ریاض میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا جائے گا۔ واضح رہے

کہ اس سے قبل26 فروری کو سعودی شہزادہ طلال بن سعود بن عبدالعزیز انتقال کر گئے تھے، اُن کی نماز جنازہ دو روز بعد نماز عصر کے بعد ریاض کی تُرکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کر دی گئی۔ مرحوم شہزادے کی نماز جنازہ میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی شریک ہوئے تھے۔ جس کے بعد شہزادہ طلال بن سعود کی تدفین ریاض کے شاہی قبرستان العود میں کی گئی۔ نماز جنازہ میں شہزادہ عبداللہ بن عبدالعزیز، شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز، گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مفتی اعلیٰ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ پیش پیش تھے۔ اس کے علاوہ شہزادہ طلال کے بھائی مشعل، منصور، نایف، سلمان، سطام، مشاری، یزید، سیف الاسلام، جلوی، مصعب، نہار، یوسف، عبدالکریم اور حسام بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ بھی زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شہزادہ طلال بن سعود، سابق فرمانروا شاہ سعود کے اکیسویں بیٹے تھے۔وہ 1952 میں سعودی دارالحکومت ریاض میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 25 برس تک انتظامی امور کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ شہزادہ طلال باسکٹ بال کی سعودی آرگنائزیشن اور باسکٹ بال کی خلیجی آرگنائزیشن کے چیئرمین بھی رہے۔انہوں نے اپنے لواحقین میں پانچ بیٹے اور بیٹیاں چھوڑی تھیں۔

FOLLOW US