شارجہ : متحدہ عرب امارات میں مساجد کھولنے کی تیاریاں، شارجہ حکام کا اہم اعلان، شارجہ کی تمام مساجد میں سٹیریلائزیشن کا عمل تیز کر دیا گیا، مساجد کے اماموں کیلئے خصوصی ورکشاپس کا بھی انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جلد مساجد کھول دیے جانے کا امکان ہے، تاہم تاحال مساجد کھولنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اس حوالے سے شارجہ اسلامک افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مساجد کھولنے کی تیاریوں کے سلسلے میں کئی اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شارجہ کی تمام مساجد کو پاک کرنے کیلئے سٹیریلائزیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ شارجہ اسلامک افیئرز ڈیپارٹمنٹ مساجد کے اماموں کیلئے خصوصی ورکشاپس کا انعقاد بھی کروایا ہے۔
مساجد کے اماموں کو سکھایا جا رہا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کو کیسے یقینی بنایا ہے۔ اس کے علاوہ شارجہ کی تمام زیر تعمیر مساجد کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ دبئی میں مساجد کو باجماعت نماز کی ادائیگی کیلئے کھولنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ محکمہ اوقاف دبئی کی جانب سے دبئی کی تمام مساجد میں خصوصی ہدایت نامہ آویزاں کیا گیا ہے۔ ان ہدایات کے مطابق مساجد کھلنے کے بعد خواتین کو مساجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مساجد کو اذان کی ادائیگی سے لے کر نماز کی ادائیگی تک صرف 20 منٹ کیلئے کھولا جائے گا۔ اذان سے قبل یا نماز کی ادائیگی کے بعد کسی کو بھی مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ نمازیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ گھر سے وضو کر کے آئیں، جبکہ انہیں مصلیٰ بھی گھر سے اپنے ساتھ ہی لانا ہوگا۔
باجماعت نماز کی ادائیگی کیلئے لازم ہوگا کہ نمازیوں کے درمیان ایک صف خالی چھوڑی جائے، جبکہ 2 نمازیوں کے درمیان ڈیڑھ میٹر کا فاصلہ رکھنا ہوگا۔ مسجد میں 60 سال سے زائد اور 12 سال سے کم عمر بچوں کا داخلہ منع ہو گا۔ تمام نمازیوں کو دستانے اور فیس ماسک پہننا ہوں گے۔ مسجد میں ایک دوسرے سے گلے ملنے اور مصافحہ کرنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے لوگ جو بیمار ہوں یا جن کے عزیز کرونا وائرس میں مبتلا ہوں، ان پر بھی مسجد میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ اذان کے فوری بعد باجماعت نماز کی ادائیگی ہوگی، دوسری مرتبہ جماعت کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مسجد میں کھانے پینے کی چیزیں لے جانے اور بانٹنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔