کویت سٹی:کویت اور سعودی عرب نے مشترکہ سرحدی علاقے میں واقع خفجی آئل فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار جون سے روکنے کا اعلان کردیا،یہ مہم تیل کے نرخوں میں اضافے کے لیے پیداوار میں کمی کے بین الاقوامی منصوبے کا حصہ ہے۔ کویت آئل گلف کمپنی کے قائم مقام سربراہ عبداللہ ال سمیتی نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا کہ خفجی آئل فیلڈ سے خام تیل کی پیداوار یکم جون سے بند کی جارہی ہے ، پیداوار کا تعطل ایک ماہ کے لیے ہوگا۔ یاد رہے کہ سعودی عرب سے چند روز قبل اپنی تیل کی پیداوار میں معاہدے سے بھی 1 ملین بیرل یومیہ زیادہ کمی کا اعلان کیا جس کی وجہ عالمی طلب میں کمی ہے، اس کے بعد متحدہ عرب امارات اور کویت نے بھی اپنی پیداوار کوٹے سے مزید بالترتیب 1 لاکھ اور 60 ہزار یومیہ کم کرنے کا اعلان کیا۔









