Friday May 17, 2024

امریکی صدر نے کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لیے جانے کی ممکنہ تاریخ بتا دی

واشنگٹن : امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہرکی ہے کہ رواں برس کے آخر تک کورونا کی ویکسین تیارکرلی جائیگی اور اسے مفت فراہم کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی صدرنے ویکسین کی تیاری میں تیزی لانے کیلئے ’آپریشن وارپ اسپیڈ‘کا اعلان کیا جس کی سربراہی چیف سائنسدان ا ور امریکی فوج کے جنرل کریں گے۔ ٹرمپ نے ویکسین کی تیاری کو مین ہٹن پروجیکٹ کے بعد امریکی تاریخ کی وسیع پیمانے پر سائنسی، صنعتی اور لاجسٹکس کوشش قرار دیا ہے۔مین ہٹن پروجیکٹ دوسری جنگ عظیم کے دوران ایک ریسرچ اور ڈویلپمنٹ کا کام تھا

جس سے پہلی بار جوہری ہتھیار تیار کئے گئے تھے۔ امریکی صدر نے کہا ہے کہ ویکسین تیار ہویا ناہو لیکن امریکہ معمول کی جانب واپس لوٹ رہا ہے اور واپسی کا عمل شروع کیا جاچکا ہے کیونکہ یہ بہت ضروری ہے۔ دوسری جانب امریکی سائنسدانوں نے کہا ہے کہ اس سال ویکسین کی بڑے پیمانے پر فراہمی کا امکان نہیں ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کا خاتمہ کرنے کیلئے ویکسین بنانے کیلئے دنیا بھر سے سائنسدان سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں لیکن تاحال ایسی کوئی ویکسین سامنے نہیں آئی جس کے 100 فیصد نتائج سامنے آئے ہوں۔

FOLLOW US