دی ہیگ: نیدرلینڈ کی یورپین میڈیسنز ایجنسی( ای ایم ای) نے کہا ہے کہ اگر حالات سازگار رہے تو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین ایک سال کی مدت میں تیار کی جا سکتی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپیئن میڈیسن ایجنسی کے سربراہ برائے حیاتیاتی صحت کے خطرات اور ویکسینز حکمت عملی مارکو کاوالیری نے بتایا کہ ویکسینز کی تحقیق اور تجربات پر کام جاری ہے جس کی بنیاد پر یہ ممکن ہے کہ ہماری منصوبہ بندی کے مطابق کورونا وائرس کی بعض ویکسینز ایک سال میں منظوری کے لیے تیار کی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ وائرس ہی رہا اور حالات سازگار رہے تو ممکن ہے کہ کورونا ویکسین ایک سال میں تیار ہو جائے لیکن یہ پیشگوئیاں صرف حالات کو دیکھ کر کی گئی ہیں لہذا یہ ایک بہترین صورت حال ہے، ہم نہیں جانتے کہ تیار کی گئی تمام ویکسینز کارآمد ثابت ہی ہوں۔ انہوں نے ستمبر تک ویکسین تیار ہونے سے متعلق رپورٹس پر شبہ اور عالمی ادارہ صحت کے کورونا وائرس کے کبھی ختم نہ ہونے سے متعلق خدشات کو کم کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ابھی اس متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا لیکن ہمارے پاس کافی حد تک پرامید رہنے ایک بہترین وجہ یہ ہے کہ بعض ویکسینز اس کا خاتمہ کردیں گی۔ ا نہوں نے کہا کہ آخر میں اگر ہمارے پاس کورونا وائرس سے بچائو کی کوئی بھی ویکسین نہ ہوئی تو یہ ان کے لیے حیرانگی کا باعث ہو گی۔









