Thursday November 28, 2024

متحدہ عرب امارات میں ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکیوں کیلئے تمام جرمانے معاف کر دیے گئے

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات میں ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکیوں کیلئے تمام جرمانے معاف کر دیے گئے، یکم مارچ سے قبل ایکسپائر ہو جانے والے انٹری اور رہائشی پرمٹ رکھنے والے غیر ملکیوں کو وطن واپسی پر کسی قسم کا جرمانہ ادا نہیں کرنا ہوگا، ایسکپائر شناختی کارڈ اور ورک پرمٹ پر بھی کوئی جرمانہ نہیں ہوگا۔ گلف نیوز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے حکم پر ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دیے گئے تمام غیر ملکیوں پر عائد جرمانے معاف کر دیے گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امارات میں موجود ایسے تمام غیر ملکی جن کے انٹری اور رہائشی پرمٹ یکم مارچ سے قبل ایکسپائر ہوگئے تھے، یا جن کے اماراتی شناختی کارڈ یا ورک پرمٹ بھی ایکسپائر ہو چکے، ان کیلئے خوشخبری ہے کہ ان پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔

ایسے غیر ملکیوں کیلئے موقع ہے کہ 18 مئی کے بعد اپنے ممالک واپس چلے جانے کی صورت میں ان پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ 18 مئی کے بعد اگلے 3 ماہ کے عرصے کے دوران جو جو غیر ملکی اپنے ممالک واپس جائیں گے، اگر وہ کسی ویزہ قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب رہے ہیں تو ان پر کسی قسم کا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ مارچ میں کرونا وائرس کے باعث متحدہ عرب امارات میں لاک ڈاون نافذ کیا گیا تھا اور فلائٹ آپریشن بھی بند کر دیا گیا تھا۔ اسی باعث غیر ملکیوں کی کثیر تعداد امارات میں پھنس گئی تھی اور اسی دوران ان کے ویزے، انٹری پرمٹ، ورک پرمٹ اور رہائشی پرمٹ ایکسپائر ہوگئے۔ اب ان غیر ملکیوں کیلئے ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے۔

FOLLOW US