Tuesday November 25, 2025

24 گھنٹے کا کرفیو ختم، سعودی شہر القطیف میں لوگوں کو نقل و حرکت کی اجازت دے دی گئی

القطیف: 24 گھنٹے کا کرفیو ختم، سعودی شہر القطیف میں لوگوں کو نقل و حرکت کی اجازت دے دی گئی، 7 رمضان بروز جمعرات سے شہریوں کو صبح 9 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، شہر سے باہر جانے اور داخل ہونے کی اجازت بھی دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے ایک اور شہر میں 24 گھنٹے کا کرفیو ختم کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس پھیلاو کے باعث مکمل طور پر لاک ڈاون کر دیے گئے شہر القطیف میں نافذ پابندیوں کو اب نرم کر دیا گیا ہے۔ کل بروز جمعرات 30 اپریل سے القطیف کے تمام شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔ شہری صبح 9 بجے سے شام 5 بجے کے درمیان ضروری کاموں کیلئے باہر نکل سکتے ہیں۔

لوگوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ جبکہ کرفیو میں نرمی کے بعد شہر سے باہر جانے اور داخل ہونے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ اتوار کو سعودی عرب میں 24 گھنٹے کے کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق کرفیو میں نرمی صبح نو بجے سے شام پانچ بجے تک رہے گی۔ اس دوران لوگ شہر کے اندر ہی سفر کر سکیں گے۔مکہ مکرمہ میں کرفیو کے دوران کوئی نرمی نہیں کی گئی اور وہاں کرفیو بدستور 24 گھنٹے ہی رہے گا۔ سعودی حکام کے مطابق کرفیو میں نرمی 20 رمضان المبارک تک رہے گی جبکہ سعودی عرب میں شاپنگ مالز اور مارکیٹ بھی 29 اپریل سے 13 مئی تک کھولی جا ئیں گی۔ سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے جس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار کر رکھی ہیں جبکہ کرفیو بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔