Saturday November 30, 2024

ہماری بروقت مدد نہ ہوئی تو خودکشی پر مجبور ہوں گے، سعودی عرب میں پریشان حال پاکستانی مزدوروں کی حکومت سے دردمندانہ اپیل

ریاض: ہماری بروقت مدد نہ ہوئی تو خودکشی پر مجبور ہوں گے، فاقہ کشی بھگت رہے ہیں، سعودی عرب میں پاکستانی مزدور پریشان، حکومت سے مدد کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس پھیلاو کے باعث جب سعودی حکومت نے ملک میں لاک ڈاون کیا، تو اس فیصلے سے معقاشی طور پر مقامی سعودی آبادی تو زیادہ متاثر نہ ہوئی، لیکن تارکیں وطن خاص پاکستانی مزدور طبقہ بری طرح متاثر ہوا۔ اب سعودی عرب میں موجود چند پریشان حال مزدوروں نے حکومت پاکستان کے نام خصوصی پیغام بھیجا ہے۔ سعودی عرب میں پریشان پاکستانی مزدوروں نے حکومت سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔ مزدوروں نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں 6 سے 7 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں۔ ہم لوگ بغیر اقامے کے ہیں، آج تک ہمارا اقامہ نہیں بنا۔

اقامہ نہ ہونے کی وجہ سے سعودی عرب میں پھنس گئے ہیں اور اپنے ملک واپس نہیں جاسکتے۔ ان مزدوروں کا بتانا ہے کہ وہ پاکستان سے ویزے خرید کر سعودی عرب آئے تھے لیکن ان کے پاس اقامہ نہیں ہے۔ ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بغیر کام کے بیٹھے ہیں اسی وجہ سے کھانے پینے کے لئے کچھ نہیں ہے۔ اپیل کرتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان ہماری مدد کریں، ہم مزدور لوگ ہیں۔ سعودی عرب میں ایک ہی کمرے میں ساتھ ساتھ جڑ کر سونے پر مجبور ہیں، اس وجہ سے کورونا کے شدید خطرات بھی لاحق ہوسکتے ہیں۔ ہم فاقہ کشی تو پہلے ہی بھگت رہے ہیں، لیکن اب ہماری بروقت مدد نہ ہوئی تو خودکشی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ اس تمام صورتحال کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پھنسے ایسے پاکستانی جن کے پاس اقامے نہیں ہیں، اور ان پاکستانیوں نے بقایاجات بھی ادا کرنے ہیں۔ تو ان کو چاہیے کہ لیبر کورٹ جائیں وہاں بقایاجات کی ادائیگی کے بعد ان کا خروج لگ سکے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ بغیر اقامے والے پاکستانی ایک سال سے سعودی عرب میں ہیں لیکن ان کو اقامے جاری نہیں ہوسکے۔ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کی طرف سے ان سے کئے گئے وعدے پورے کئے ہیں۔ پروموٹر کو بھاری معاوضے ادا کئے ہیں۔ ان کا سعودی عرب سے خروج صرف لیبر کورٹ کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ جدہ میں پاکستانی قونصل خانہ ان کے لئے راشن کا انتظام کر رہا ہے۔ اور پاکستان میں میں متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ امید ہے کہ پروموٹر کے خلاف جلد کاروائی شروع کردی جائے گی۔

FOLLOW US