دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں ایک برطانوی اخبار کے ایک مدیر کو اپنی بیوی کو ہتھوڑے سے وار کر کے ہلاک کرنے کے جرم میں دس برس قید کی سزا سنا دی گئی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانسِس میتھیو سزا سنائے جانے کے وقت دبئی کے کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے۔ انگریزی اخبار کے سابقہ ایڈیٹر کو جولائی 2017 میں بیوی کو ہلاک
کرنے کے الزام کے تحت موت کی سزا سنائی جا سکتی تھی، تاہم جج فہد الشمسی نے اسے دس برس قید کی سزا سنادی۔میتھیو کی مقتولہ اہلیہ 62 سالہ جین میتھیو کے بھائی سزا سنائے جانے کے وقت کمرہ عدالت میں موجود تھے تاہم انہوں نے صحافیوں سے بات چیت سے احتراز کیا۔ میتھیو کے وکیل نے بھی اس فیصلے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ آیا وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کا ارادہ رکھتے ہیں۔پولیس کے مطابق گزشتہ برس چار جولائی کو انہیں دبئی کے علاقے جْمیرا کے نواح میں تین کمروں کے گھر میں طلب کیا گیا تھا، جہاں انہیں خاتون مردہ حالت میں ملی، جب کہ اس موقع پر میتھیو نے پولیس کو بتایا تھا کہ گھر میں ڈاکو آگئے تھے، جنہوں نے ان کی بیوی کو ہلاک کر دیا۔ یہ جوڑا تیس برس سے زیادہ عرصے سے رشتہ ازدواج میں تھے۔پولیس کے مطابق تفتیش میں تاہم بتایا کہ اس کی بیوی قرض کی وجہ سے شدید غصے میں تھی کیوں کہ انہیں یہ گھر چھوڑنا پڑ رہا تھا اور اسی دوران جاری جھگڑے کے نتیجے میں جب اس کی بیوی نے اسے برا بھلا کہا تو وہ ہوش کھو بیٹھا۔میتھیو کے مطابق اس کی بیوی نے تکرار کے دوران اسے دھکا دیا تھا، جس کے بعد اس نے ہتھوڑا اٹھایا اور اپنی بیوی کے سر پر دو مرتبہ مارا، جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئی۔