Monday January 20, 2025

برطانیہ میں کرونا وائرس کا شکار پاکستانی خاتون بچے کو جنم دینے کے بعد انتقال کر گئیں

برمنگھم : برطانیہ میں کرونا وائرس کا شکار پاکستانی خاتون بچے کو جنم دینے کے بعد انتقال کر گئی، 29 سالہ فوزیہ حنیف گزشتہ ماہ سے برمنگھم کے ہسپتال میں زیر علاج تھیں، 2 اپریل کو بیٹے کو جنم دیا تاہم بیماری کے باعث اسے ایک مرتبہ بھی پیار کیے بنا ہی دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ سے بہت ہی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔ برطانوی شہر برمنگھم میں ایک پاکستانی خاتون بیٹے کو جنم دینے کے بعد انتقال کر گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ 29 سالہ فوزیہ حنیف حاملہ تھیں جب ان کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد فوزیہ کو گزشتہ ماہ ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔ بعد ازاں فوزیہ نے 2 اپریل کو بیٹے کو جنم دیا اور اس کا نام ایان حنیف علی رکھا۔

تاہم افسوسناک طور پر کرونا وائرس کی مریضہ ہونے کی وجہ سے فوزیہ اپنے بیٹے کو بانہوں میں لینے، اسے پیار کرنے سے محروم رہیں۔ اور پھر اپنے بچے کو ایک بھی مرتبہ پیار کیے بنا ہی دنیا سے رخصت ہوگئیں۔ بتایا گیا ہے کہ فوزیہ کی حالت بگڑ جانے کے بعد انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، اور پھر ان کی حالت نہ سنبھلنے کے باعث 8 اپریل کو انہیں وینٹی لیٹر سے ہٹا دیا گیا تھا۔ اب فوزیہ کی حالت میں بہتری نہ آ سکی اور وہ دنیا فانی سے کوچ کر گئی ہیں۔

FOLLOW US