واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ نے ایک بار پھر دھمکی آمیز لہجہ ترک کرتے ہوئے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے چیلنجز کو دیکھتے ہوئے آگے بڑھے ۔ اور مریکہ کے ساتھ تعاون کے فقدان کی پالیسی پر نظر ثانی کرے ۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نائب اسسٹنٹ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا لیزا کرٹس نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرکے بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کو اپنے تعلقات کو آگے بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے، جسے اس وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد کے دوران بھی لیزا کرٹس نے پاکستان کے ساتھ نئے تعلقاتاستوار کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔لیزا کرٹس کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات خطے کی سالمیت
کو خطرہ بننے والے دہشت گردوں کو شکست دینے کے مشترکہ عزم پر مبنی ہونا چاہیے جس میں دونوں ممالک کا مستقبل میں افغانستان کے امن کے لیے مشترکہ مقصد ہونا چاہیے۔لیزا کرٹس نے تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی دوبارہ بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی بہترین تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔