Monday January 20, 2025

کورونا وائرس کے مریضوں کو فوری ’ آبِ زَم زَم ‘ فراہم کیا جائے۔۔ !! امامِ کعبہ نے ہدایات جاری کر دیں

جدہ (نیوز ڈیسک ) امام کعبہ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے کورونا وائرس مریضوں آب زمزم فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے مریضوں کی نفسیاتی اور جذباتی مدد کیلئے مقدس پانی فراہم کیا جائے، جہاں بھی کورونا مریض ہیں، ان ہسپتالوں میں زمزم پہنچایا جائے۔ حرمین انتظامیہ کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ امام کعبہ شیخ ڈاکٹرعبدالرحمان السدیس نے کورونا کے مریضوں کو آب زمزم فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کی دیکھ بھال معاشرتی ذمہ داریاں ادا کرنے کے زمرے میں آتی ہے۔ کورونا کے مریضوں کو نفسیاتی اور جذباتی مدد فراہم کرنے کے لیے مقدس پانی فراہم کیا جارہا ہے۔

انتظامیہ کے سربراہ نے متعلقہ ادارے کو ہدایت کی ہے کہ ایسے تمام ہسپتالوں میں زمزم سپلائی کی جائے جہاں کورونا کے مریض زیر علاج ہیں۔مزید برآں سعودی وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں مزید 429 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، جس سے ملک میں مجموعی کیسزکی تعداد 4262 ہوگئی ہے۔سعودی عرب میں کورونا سے 7 افراد انتقال کرگئے ہیں، جس سے اموات کی تعداد 59 ہوگئی ہے۔اسی طرح حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ صحت یاب ہونے والے کیسز کی تعداد بھی بڑھتی جار ہی ہے۔ آج 41 مریض مکمل صحت ہوگئے ہیں، جس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد761 ہوگئی ہے۔اگر گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے کیسز کا آج اتوار کے کیسز سے موازنہ کیا جائے تو 24 گھنٹے میں47 کیسز کا اضافہ ہوا ہے۔ اور اموات میں بھی 2 افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز382 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ گزشتہ روزکورونا وائرس سے متاثر5 افراد انتقال کرگئے تھے۔

FOLLOW US