Monday January 20, 2025

دبئی ائیرپورٹ حکام نے محدود پیمانے پر فلائٹ آپریشن کی بحالی کا اعلان کر دیا

دبئی ائیرپورٹ حکام نے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا اعلان کر دیا، کل بروز اتوار 12 اپریل کو ائیرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے ایمرٹس ائیرلائن محدود پیمانے پر پروازوں کا آغاز کر دے گی۔ تفصیلات کے طابق دبئی ائیرپورٹ حکام کی جانب سے ایک ٹوئٹ کے ذریعے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا اعلان کیا گیا ہے: بتایا گیا ہے کہ دنیا کے مصروف ترین دبئی ائیرپورٹ پر کل 12 اپریل بروز اتوار سے ایمرٹس ائیرلائن فلائٹ آپریشن کا آغاز کرے گی۔ فی الحال مسافر پروازوں کا آغاز محدود پیمانے پر کیا جائے گا۔ ایمرٹس ائیرلائن دبئی ائیرپورٹ کے ٹرمینل 3 سے پروازیں چلائے گی۔

متحدہ عرب امارات میں موجود بیرون ممالک سفر کے خواہش مند لوگوں کو مزید تفصیلات کیلئے ایمرٹس ائیرلائن حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس خدشات کے باعث اماراتی حکومت نے گزشتہ ماہ 24 مارچ کو فلائٹ آپریشن بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ واضح رہے کہ کرونا وائرس پھیلاو کے بعد امارات کے تمام علاقوں میں ڈس انفیکشن مہم کے باعث لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔ خاص کر دبئی میں کرفیو جیسا لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے، لوگوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے کی ہرگز اجازت نہیں۔ لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت سے سخت قانونی کاروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ معمولی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو جرمانے جبکہ سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو جیل تک بھیجنے سے گریز نہیں کیا جا رہا۔ یہ بھی واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے حالات کی سنگینی کے باعث زمینی راستے بند کر رکھے ہیں، تاہم امارات میں پھنسے لوگوں کو ان کے ممالک واپس بھیجنے اور بیرون ممالک پھنسے اماراتی شہریوں کو ملک واپس لانے کیلئے محدود پیمانے پر پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

FOLLOW US