ابوظہبی: کرونا وائرس کے باعث یورپی ملک میں پھنس جانے والی 7 سالہ بچی ایک ماہ بعد ابوظہبی ائیرپورٹ پر والدین سے دوبارہ مل گئی، جرمنی سے تعلق رکھنے والی بچی کے والدین امارات میں مقیم ہیں، ایک ماہ قبل بچی کو داد دادی سے ملاقات کیلئے آبائی ملک بھیجا تھا، پروازوں کی بندش کے باعث بچی کئی دن تک والدین سے دور رہی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کئی روز سے پروازیں بند تھیں جو اب محدود حد تک دوبارہ شروع کر دی گئی ہیں۔ بین الاقوامی پروازوں کی محدود بحالی کے بعد ابوظہبی ائیرپورٹ پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔ جرمنی سے تعلق رکھنے والی 7 سالہ بچی ایک ماہ کی دوری کے بعد والدین سے دوبارہ مل گئی۔ بچی کے والدین نے بتایا ہے کہ اتنی دنوں کی دوری کے بعد وہ اپنی بیٹی سو دوبارہ مل کر بے حد خوش ہیں۔
ان کا بتانا ہے کہ ایک ماہ قبل انہوں نے اپنی بیٹی کو دادا دادی سے ملاقات کیلئے آبائی ملک جرمنی بھیجا تھا، تاہم پھر کرونا وائرس کے باعث جرمنی اور امارات دونوں ملکوں نے بین الاقوامی پروازیں بند کر دیں۔ اسی باعث ان کی بیٹی جرمنی میں ایک ماہ تک پھنسی رہی۔ اب جب محدود حد تک پروازیں بحال ہوئی ہیں، تو وہ ایمرٹس ائیرلائن کی خصوصی پرواز کے ذریعے اپنی بیٹی کو امارات واپس لانے میں کامیاب رہے۔ بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات ان کے کیلئے اپنے ملک جیسا ہے، جہاں انہیں بہت زیادہ عزت و احترام ملتا ہے۔ وہ اس ملک کو کبھی نہیں چھوڑنا چاہتے۔









