Monday January 20, 2025

دنیا کا وہ پہلا ملک جہاں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی

واشنگٹن: امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی، وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 269 ہوگئی، 4 ہزار 394 افراد ہلاک ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق امریکا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جہاں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق امریکا میں کرونا وائرس سے متاثرہ کل مریضوں کی تعد 2 لاکھ 269 ہوگئی ہے۔ جبکہ امریکا میں وائرس سے متاثرہ 4 ہزار 394 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس تمام صوتحال میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کرونا وبا کے سبب اگلے دو ہفتے انتہا سے زیادہ درد ناک ہوں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نظر نہ آنے والے دشمن کی وجہ سے امریکا میں اس طرح کی اموات ناقابل یقین ہیں۔ وائٹ ہاوس نے کرونا سے ڈھائی لاکھ تک اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

صدر ٹرمپ کے مشیر ڈاکٹر فاوچی نے تصدیق کی کہ ملک کو کم سے کم ایک لاکھ اموات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کے سبب نیویارک کا سینٹرل پارک اسپتال میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں کرونا کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ جبکہ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے آٹھ لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اسے مہلک وائرس کی وجہ سے بیالیس ہزار سے زائد اموات واقع ہو چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوٹیرش نے اس وبائی مرض کو دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا کا بدترین انسانی بحران قرار دیا ہے۔

FOLLOW US