Friday November 29, 2024

سعودی حکومت نے عازمین کو حج کی تیاریوں کیلئے مزید انتظار کرنے کی تلقین کردی

ریاض: عازمین کو حج کی تیاریوں کیلئے مزید انتظار کرنے کی تلقین ۔ سعودی وزیرحج نے ایک ٹی وی کے انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال واضح ہونے تک انتظار کیا جائے، حج کے حوالے سے فی الحال کوئی منصوبہ بندی نہ کی جائے۔ وزیرِ حج نے ہدایت کی ہے مسلمان حج پر آنے کیلئے فی الحال موجود حالات کے بہتر ہونے کا انتظار کریں اور جب تک حالات کے مطابق فیصلہ نہ ہوجائے تب تک تیاریاں شروع نہ کریں۔ اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ شاید اس سال بیرونِ ممالک سے مسلمانوں کو حج کرنے کی اجازت نہ مل سکے تاہم بعد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ حج ہوگا لیکن حجاج کو سعودی عرب جانے سے پہلے کورونا ٹیسٹ کروانا پڑے گا اور صحتمند لوگ ہی حج کیلئے جاسکیں گے۔

لیکن اب سعودی وزیر حج بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے حالات واضح ہونے تک حج کی تیاریاں نہ کرنے کا کہا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 110 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1563 ہوگئی ہے جبکہ قرنطینہ میں رکھے گئے 400 افراد کو کلیئر قرار دیدیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ملک میں نئے 110کیسز سامنے آئے ہیں اور مزید ٹیسٹس کیے جارہے ہیں۔ وزارتِ صحت نے مزید بتایا ہے کہ مملکت میں 50 افراد صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 165ہوگئی ہے۔ حکومت کورونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کررہی ہے تاہم ابھی تک کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دوسری جانب سعودی عرب میں بیرون ملک سے آئے 400 افراد کو قرنطینہ سے کلیئر قرار دے کر گھروں کو بھیج دیا گیا۔ سعودی گزٹ کے مطابق ایئرپورٹس پر آئے سینکڑوں افراد کو جدہ میں 14 دن تک قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔ جن میں سے 400 افراد کو گزشتہ روز کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے کر انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔

FOLLOW US