واشنگٹن(ویب ڈیسک) چین نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو پر کورونا وائرس کے حوالے سے جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کےمطابق ایک ٹی وی انٹرویو میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھاکہ کورونا وائرس سامنے آنے کے بعد بیجنگ نے قیمتی وقت ضائع کیا اور ووہان سے ہزاروں افراد کو اٹلی سمیت دیگر ممالک میـں پہنچنے دیا، چین کی حکمراں جماعت نے برقت اقدامات نہ کرکے لاتعداد قیمتی جانوں کوخطرے میں ڈال دیا ہے۔اس کے جواب میں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انگریزی زبان میں پومپیو کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہا’’ جھوٹ بولنا بند کرو‘‘۔
دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سرجیکل ماسکس، سینیٹائزرز کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد سے پاکستانی مارکیٹس سے ملیریا اور گٹھیا کے امراض کی دوائیں بھی غائب ہوگئیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ذخیرہ اندوزوں نے مہنگے داموں فروخت کرنے کے لیے ان دواؤں کو اسٹاک کر لیا ہے۔ ٹرمپ نے ملیریا کی 2 دوائیں کورونا مریضوں پر آزمانے کی منظوری دیدی یہ بھی اطلاعات آئی ہیں کہ ایک فارما سیوٹیکل کمپنی میں ڈرگ انسپکٹرز نے ملیریا اور گٹھیا کی دواؤں کو سیل کر دیا ہے۔فارما سیوٹیکل کمپنی میں ڈرگ انسپکٹرز کی جانب سے شاید ایسا ضرورت پڑنے پر حکومت کے زیرِ انتظام اسے استعمال میں لانے کے لیے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے جمعرات کو پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف کلوروکوئن chloroquine اور ریمڈیسیور remdesivir جلد مارکیٹ میں موجود ہوں گی۔ دو روز پہلے ایک نیوزبریفنگ میں صدر ٹرمپ کاکہنا تھاکہ کلورو کوئن Chloroquine اور ہائیڈروکسی کلورو کوئن Hydroxychloroquine نامی دوائیں ملیریا اور گٹھیا کے مریضوں کو دی جاتی ہیں، ایف ڈی اے نے ان دواؤں کو کورونا کے مریضوں پر بھی آزمانے کی منظوری دے دی ہے۔صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے کورونا وائرس کے علاج اور ویکسین کی تیاری کے لیے سرخ فیتے کی رکاوٹیں ختم کر دی ہیں۔ امریکی صدر کے بیان کے بعد ایف ڈی اے نے جاری کیے گئے بیان میں کہا تھا کہ کلوروکوئن کی کورونا وائرس کے خلاف تاثیر ثابت نہیں ہوسکی ہے۔کلوروکوئن کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے استعمال کی جا سکتی ہے یا نہیں، اس بارے میں حکومت اور ماہرین کے ساتھ کام جاری ہے