Friday November 29, 2024

قیامت سے پہلے قیامت کا سماں : ایران میں اب تک کتنے ڈاکٹر اور نرسیں کرونا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں؟تہلکہ خیز تفصیلات

تہران (ویب ڈیسک) ایران کی وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ایران میں ہر 10 منٹ میں کرونا وائرس کی وجہ سے ایک ہلاکت ہورہی ہے۔ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے جمعرات کو بتایا کہ ہر ایک گھنٹے میں ایران میں کرونا وائرس کے 50 نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔ اپنے ایک ٹویٹ میں جہانپور نے لوگوں کو نوروز کے تہوار کے موقع پر اپنے گھروں میں رہنے کی تاکید کی۔برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کے روز ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتیں 4 عددی ہوگئیں، جمعرات تک کرونا وائرس کی وجہ سے ایران میں ایک ہزار284 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

ڈپٹی ہیلتھ منسٹر علی رضا رئیسی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایران میں کرونا کی وجہ سے149 ہلاکتیں ہوئیں اور ایک ہزار46 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کرونا متاثرین کی مجموعی تعداد 18 ہزار 407 ہوگئی۔ترک خبر ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز دارالحکومت تہران میں کرونا وائرس کی وجہ سے ایک ڈاکٹر کی موت واقع ہوئی ہے۔ مجموعی طور پر ایران میں کرونا وائرس کی وجہ سے 10 ڈاکٹر اور 4 نرسیں اپنی زندگیاں گنوا چکی ہیں۔امریکہ سے تعلق رکھنے والی جوہن ہوپکنز یونیورسٹی کے مطابق دسمبر کے بعد سے اب تک دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 2 لاکھ 19 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 900 ہوگئی ہے۔ اب تک 84 ہزار لوگ ایسے بھی ہیں جو کرونا وائرس سے صحتیاب ہوئے ہیں۔جبکہ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق کورونا وائرس کے مریضوں کے پورے جسم میں شدید تکلیف ہوتی ہے چنانچہ غالب امکان ہے کہ لوگ اس تکلیف سے نجات کے لیے ’آئی بروفن‘ جیسی ادویات استعمال کریں، تاہم عالمی ادارہ صحت نے اس حوالے سے خبردار کر دیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین نے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس لاحق ہونے پر آئی بروفن اور دوسری اس نوع کی ’اینٹی انفلیمیٹری‘ ادویات ہرگز استعمال نہ کریں کیونکہ ان ادویات کے استعمال سے کورونا وائرس کی علامات شدید تر ہو سکتی ہیں۔رپورٹ کے مطابق فرانسیسی وزیرصحت الیویئر ویرن نے بھی اپنے ملک میں ان ادویات کے حوالے سے وارننگ جاری کی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ترجمان کرسٹیان لنڈمیئر کا کہنا تھا کہ ”ماہرین ان ادویات کے حوالے سے مزید تحقیق کر رہے ہیں اور آئندہ دنوں میں ان کے متعلق مزید ہدایات سامنے آئیں گی۔ فی الوقت ہم لوگوں کو ہدایت کریں گے کہ وہ آئی بروفن کی بجائے پیراسیٹامول استعمال کریں۔اگر آپ کو بخار ہوتا ہے اور دیگر ابتدائی علامات ظاہر ہوتی ہیں تو آپ پیراسیٹامول لیں، مگر اس کی بھی معمول کی خوراک لیں، کیونکہ زیادہ پیراسیٹامول کھانے سے آپ کے جگر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

FOLLOW US