تہران : ایرانی سرکاری ٹی وی نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں لاکھوں لوگ کورونا وائرس کی وجہ سے مر سکتے ہیں۔ سرکاری ٹی وی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر لوگوں نے بلاوجہ سفر کرنا نہ چھوڑا اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل نہ کیا تو لاکھوں لوگوں جاں بحق ہو سکتے ہیں۔ ایران میں اب تک 988 کورونا وائرس مریض جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں لوگ وائرس سے متاثر ہیں۔ اسی وجہ سے ایران نے کورونا پر قابو پانے کی کوششوں کے تحت 85 ہزار قیدیوں کو عارضی طور پر جیلوں سے رہا کر دیا ہے۔ منگل کو ایرانی جوڈیشری کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی کے مطابق قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ جن میں سیاسی قیدی بھی شامل ہیںکو کورونا وائرس کی وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تحت عارضی طور احتیاطی تدابیر کے پیش نظر رہا کیا جا رہا ہے۔
رواں ماہ کی 10 تاریخ کو اقوام متحدہ کے خصوصی روئیداد نویس برائے انسانی حقوق جاوید رحمان نے ایرانی حکومت سے گنجائش سے زیادہ بھری جیلوں سے سیاسی قیدیوںکی عارضی رہائی کی اپیل کی تھی، انہوں نے کہا تھا کی جیلوں میں قیدی کورونا میں تیزی سے مبتلا ہو رہے ہیں۔ایران کی وزارت صحت و طبی تعلیم نے کہا ہے کہ ملک بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 1 کروڑ مشتبہ افراد کی سکریننگ کی جا چکی ہے۔ نائب وزیر صحت علی رضا رئیسی نے بتایا ہے کہ گزشتہ چار روز کے دوران مہلک وائرس کے تقریباً 1 کروڑ مشتبہ افراد کی سکریننگ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 65 لاکھ افراد کی انفرادی طور پر صحت کے مراکز میں جبکہ 35 لاکھ افراد کی آن لائن پلیٹ فارم پر سکریننگ کی گئی اور 900 متاثرہ افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ ایران میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔