دبئی: متحدہ عرب امارات نے تمام طرز کے ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کر دی، 17 مارچ سے سفارتی پاسپورٹ کے علاوہ دیگر تمام ویزوں کا اجراء بند کر دیا جائے گا، فیصلہ کرونا وائرس خدشات کے باعث لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ 17 مارچ سے تمام طرز کے ویزوں کے اجراء پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ کرونا وائرس خدشات اور عالمی ادارہ صحت کی جانب سے وائرس کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ 17 مارچ سے سوائے سفارتی پاسپورٹ کے، دیگر کسی طرز کا اماراتی ویزہ جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق ان افراد ہر نہیں ہوگا جو 17 مارچ سے قبل ہی اماراتی ویزہ حاصل کر چکے۔ 17 مارچ سے نہ ہی کوئی سیاحتی، نہ ہی کسی قسم کا ورک ویزہ جاری کیا جائے گا۔
فیصلے کا اطلاق غیر معینہ مدت کیلئے ہے۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کرونا وائرس کو عالمی وبا قرار دیے جانے کے بعد یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوئے۔ تمام ممالک کو اپنے ہاں لوگوں کی باقاعدہ سکریننگ کا معیار بہتر بنانا ہوگا، اس کے بعد ہی ویزوں کے اجراء پر عائد پابندی کے خاتمے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ہنگامی طور پر 3 عرب ممالک اور ترکی کیلئے فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس خدشات کے باعث 17 مارچ سے شام، ترکی ، لبنان اور عراق کیلئے متحدہ عرب امارات سے کوئی پرواز نہیں جائے گی، جبکہ ان ممالک سے کوئی پرواز امارات میں بھی داخل نہیں ہو سکے گی۔ اماراتی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک یہ ممالک مسافروں کی اسکریننگ بہتر انداز میں شروع نہیں کرتے، ان ممالک کیساتھ فلائٹ آپریشن معطل رہے گا۔ جبکہ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اب تک کرونا وائرس کے 85 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔