استنبول : ترک صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ بےحس دنیا میں خواتین کا عالمی دن منانا ریاکاری ہے، دنیا میں خواتین اور بچوں کا بےدردی سے قتل عام ہورہا ہے، جبکہ دنیا بےحس خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ انہوں نے استنبول میں خواتین کےعالمی دن کے موقع پر’’ترکی کی دلیر خواتین‘‘ کے عنوان پرمنعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دن پر خواتین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے اقوام عالم کو آئینہ دکھایا کہ دنیا میں خواتین اور بچوں کا بےدردی سے قتل عام ہورہا ہے جبکہ دنیا بےحس خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ دنیا کے ضمیر مر چکے ہیں۔ اس بےحس دنیا میں 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منانا ریاکاری کے سوا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ شام کی جنگ میں ایک لاکھ کے قریب انسان جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان افراد میں بڑا حصہ عورتوں اور بچوں پر مشتمل ہے۔ لیکن ہم نے دنیا میں ان خواتین اور بچوں کے بارے کسی کو بات کرتے نہیں سنا۔ اسی طرح برطانیہ کے دروازے پر لاکھوں مہاجرین بیٹھے ہیں، ان میں بھی عورتوں کی بڑی تعداد شامل ہے،ان خواتین کو جس طرح انسانیت سوزی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، مہاجر خواتین کو تشدد اور فائرنگ کر کے پیچھے ہٹایا جا رہا ہے، اور ان کے سامنے خاردار تاریں کھینچی جارہی ہیں۔ اس پر بھی دنیا کی خاموشی قابل مذمت ہے۔ ترک صدر نے مزید کہا کہ یہ ریاکاری اور مردہ ضمیر کی ہی نشانی ہے کہ دنیا شام اور یورپ کی سرحد پر بیٹھی مجبور خواتین کو انسان نہیں سمجھتی اوران کو ظلم وتشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ واضح رہے آج دنیا بھر میں خواتین کے عالمی دن پر خواتین نے مارچ کیا۔ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر لبرل خواتین کے ساتھ مذہبی خواتین اور رہنماؤں نے مارچ کیا،عورت کے تقدس اور انکی اسلام میں عزت وتکریم سے متعلق روشنی ڈالی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے باعث مذہبی اور لبرل مارچ آمنے سامنے آگئے، ایک دوسرے پر پتھراؤ کرکے اسلام آباد میں سیکورٹی صورتحال پر سوالیہ نشان لگا دیا۔