ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب کے جازان ریجن میں دوران نماز ایک امام مسجد پر چاقوسے حملہ کردیا گیاجس کی وجہ سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔اردونیوز نے عرب ویب سائٹ سبق کے حوالے سے بتایا ہے کہ جازان ریجن کی بیش کمشنری کی جامع مسجد ’طناطن‘ کے امام کو نماز کے دوران چاقو سے زخمی کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔امام کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا ہے جہاں ان کی حالت قدرے بہتر بتائی جاتی ہے۔رپورٹ کے مطابق واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب مسجد میں جمعہ نماز ہورہی تھی اور امام دوسری رکعت میں تھے۔حکام کے مطابق حملہ آورنفسیاتی مریض ہے۔ تاہم اسے گرفتار کرکے اس سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملزم اسی قصبے کا رہائشی ہے اور کافی عرصے سے نفسیاتی ہسپتال میں زیر علاج تھا۔