اسلام آباد : سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت ایل اوسی اور ورکنگ باونڈری پر تحمل کا مظاہرہ کریں، فوجی مبصرگروپ کو دونوں اطراف رسائی ہونی چاہیے، مسئلہ کشمیر کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد ضروری ہے، اسلامو فوبیا کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ یواین سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتکاری اور مذاکرات ہی مسئلے کا واحد حل ہیں۔ وزیرخارجہ کے ساتھ ملاقات میں جنوبی ایشیاء میں سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ پاکستان اوربھارت ایل اوسی اور ورکنگ باونڈری پر تحمل کا مظاہرہ کریں۔
میں پاکستان کا یہی کردار دنیا میں اجاگر کرنے آیا ہوں۔ انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستانی افغان مہاجرین کیلئے کھلے دل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ پاکستان اب مہاجرین کو بسانے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ دہائیوں تک پہلا ملک رہا ہے۔ پاکستان دنیا میں مہاجرین کا دوسرا بڑا میزبان ملک ہے۔ یواین امن مشنز میں پاکستان کے بھرپورکردار کو سراہتے ہیں۔ دورے کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کا شکرگزار ہوں۔ بطورسیکرٹری جنرل اقوام متحدہ میرا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ گوتریس کا بحیثیت یواین سیکرٹری جنرل پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ یواین سیکرٹری جنرل کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ یواین سیکرٹری جنرل کے ساتھ کئی اہم ایشوز پر بات ہوئی۔ پاکستان افغانستان میں امن کے لئے کوشاں ہے۔ افغان مہاجرین کیلئے اقوام متحدہ اورسیکرٹری جنرل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیزفائر کی خلاف ورزیوں سے یواین سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا گیا۔بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی بالائے طاق رکھ دیا ہے۔بھارت کے5 اگست 2019 کے اقدام کے بعد کی صورتحال پربات ہوئی۔9 لاکھ بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ جموں وکشمیر کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔
مقبوضہ جموں وکشمیر آج دنیا میں سب سے بڑا ملیٹرائیزڈ زون بن چکا ہے۔8 اگست کوسیکرٹری جنرل کے بیان سے تنازع کشمیر پر یو این کے مئوقف کی توثیق ہوئی۔ تنازع کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کو ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی قوم اورکشمیری عوام حق خودارادیت کا وعدہ پورا ہونے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2019ء سے پاکستانی خواتین فوجی دستے کانگو میں یواین امن مشنز میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستانی حکومت پرامن ہمسائیگی پریقین رکھتی ہے۔ ہمارے امن پسندی کے پیغام کو بدقسمتی سے ہماری کمزوری سمجھا گیا۔ بھارت کیجانب سے ایل او سی پرجنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا۔ بھارت کی جانب سے عام شہریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی افواج کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں۔ 200 دن گزرنے کے باوجود 80 لاکھ سے زائد کشمیری قیدوبند اورمواصلاتی قدغنوں کا شکار ہیں۔ مزید برآں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے پاکستان میں پناہ گزینوں سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان مہاجرین نے اثرانگیز واقعات، امیدیں اور خواب شیئر کیے۔ پاکستان نے40 برس سے افغان مہاجرین کو پناہ دے رکھی ہے۔ دنیا مہاجرین کے میزبان ممالک کی سپورٹ کرے اوران کی تقلید کرے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ اقوام متحدہ میں ماحولیاتی تبدیلی پر عمران خان کی تقریربہت پُراثرتھی۔ بلین ٹری سونامی اورکلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے معاملات میں ہم ابھی ٹریک پر نہیں۔ عالمی کوششیں مقاصد کے حصول کیلئے ابھی ناکافی ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی میں ہمیں ایمرجنسی صورتحال کا سامنا ہے۔
ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں۔ سیلاب اور قدرتی آفات سے پاکستان بہت متاثر ہوا۔ ماحولیاتی تبدیلی کے نتیجے میں قدرتی آفات کے باعث پاکستان میں 10ہزار اموات ہوئیں۔ پاکستان میں ترقیاتی اہداف کوموسمیاتی تبدیلیوں سے خطرات کا سامنا ہے۔ پاکستان میں80 فیصد پانی زراعت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ پانی کی تقسیم سےمتعلق پاکستان اور بھارت کےدرمیان تاریخی معاہدہ موجود ہے۔ بھارت کے ساتھ موثر ڈائیلاگ سے پانی کی تقسیم کا مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ پانی تنازع کی نہیں بلکہ امن کی وجہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف آفات سے متاثر ہونیوالے افراد سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں۔ پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے۔ کامیاب جوان پروگرام ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے حصول میں دنیا کو بہت سے رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ پائیدارترقیاتی اہداف کا حصول تمام ممالک اور اقوام کے لیے اہم ہے۔ ترقیاتی اہداف کے لیے کاوشوں اور کام کو تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں انسانی حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ صرف کشمیر ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کا احترام کیا جانا چاہیے۔ واضح رہے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ائیر پورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ انتوینو گوٹریس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان ،صدر مملکت عارف علوی ، وزیر خارجہ اور دیگر رہنمائوں سے ملاقات کریں گے۔ انتونیو گوٹریس پاکستان میں 40 سال سے مقیم افغان مہاجرین کے حوالے سے عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔









