اسلام آباد : بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہو گئیں، پاکستان کا ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنا تقریباً یقینی ہوگیا، پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ بہترین قرار، 21 میں سے 14 پوائنٹس پر عمل کرلیا گیا، باقی مزید 6 پوائنٹس کیلئے قانون سازی کرتے ہی پاکستان کو وائٹ لسٹ میں شامل کرلیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیرس میں 12 فروری کے اجلاس سے قبل ہی ایف اے ٹی ایف حکام نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ایف اے ٹی ایف حکام نے پاکستان کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کو بہترین قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی جانب سے دیے گئے 21 پوائنٹس میں سے 14 پر عمل کر لیا ہے، جبکہ اگر پاکستان مزید 6 پوائنٹس کیلئے صرف قانون سازی ہی کرلیتا ہے تو اس کے بعد فوری ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آ جائے گا۔ امکان ہے کہ اس حوالے سے 12 فروری کو پاکستان کو باقاعدہ خوشخبری سنا دی جائے گی۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ ایف اے ٹی ایف کاتکنیکی معاملات سےمتعلق اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں نمایندہ ممالک میں امریکا، جرمنی، جاپان، فرانس، آسٹریلیا، برطانیہ، چین اور نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے کی گئی کوششوں کو تسلیم کیا۔ ایف اےٹی ایف کےنمایندہ ممالک نےپاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کاسیاسی عزم مالی معاشی معیارکوعالمی معیارکےمطابق لائے گا۔
بیجنگ میں ہونے والے اجلاس کے دوران ماضی کے برخلاف امریکا اور یورپی ممالک نے بھارت کا ساتھ نہیں دیا اور بھارت انہیں پاکستان کا مخالف کرنے میں بری طرح ناکام رہا۔ بھارت کے سوا کسی بھی ملک نے پاکستان کی عملدرآمد رپورٹ پر سوالات نہیں اٹھائے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آنے کے لئے مجموعی 39 میں سے12 ووٹوں کی ضرورت ہے۔ ایف اے ٹی ایف کا اگلا باضابطہ اجلاس 12 فروری کو پیرس میں شیڈول ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 12 فروری کو پیرس سے پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری آئے گی۔









