Monday January 20, 2025

نیا پاکستان بنانے والی حکومت کا تاریخی کارنامہ ’وی وی آئی پی‘ باتھ روم متعارف، بائیو میٹرک تصدیق کروائیں اور واش روم استعمال کریں

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے دور اقتدار میں اب تک کئی قابل ستائش اقدامات کئے لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید اور تمسخر کی زد میں لا کھڑا کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزارت صنعت و پیداوار میں بائیو میٹرک تصدیق سے کُھلنے والے باتھ روم متعاوف کروا دئے گئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ یہ باتھ وزارت اور وفاقی دارالحکومت کے اعلیٰ افسران کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں اور اسی لیے ان وی وی آئی پی باتھ رومز کے باہر بائیومیٹرک مشین بھی نصب کی گئی ہے تاکہ کوئی عام شخص ان باتھ رومز کو استعمال نہ کر سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ وی وی آئی پی باتھ روم یا تو ایڈشنل سیکرٹری یا پھر اس سے اعلیٰ عہدہ رکھنے والا افسر ہی استعمال کر سکتا ہے۔

جبکہ کسی دوسری وزارت کے انہی عہدوں پر براجمان افسران بھی ان وی وی آئی پی باتھ رومز کا استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ اقدام وزارت میں اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے ان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ جبکہ ذرائع نے بتایا کہ اس کے علاوہ وزارت کے دیگر ملازمین اور اسٹاف کے لیے موجود باتھ رومز میں صابن سمیت دیگر بنیادی اشیا بھی غائب ہوتی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان وی وی آئی پی باتھ رومز کی تصاویر وائرل ہوئیں تو صارفین نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام تمسخرانہ ہے جبکہ کچھ صارفین نے حکومتی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی منشور کے خلاف ہے جس میں انہوں نے ملک سے وی آئی پی کلچر کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ ایک ہی وزارت میں اعلیٰ افسران اور دیگر اسٹاف کے لیے الگ الگ باتھ رومز اور وی وی آئی پی باتھ رومز کے باہر بائیو میٹرک مشین نصب ہونا انتہائی مضحکہ خیز اور حکومتی جماعت کے اپنے دعووں کی نفی ہے۔

FOLLOW US