کیا آپ جانتے ہیں دنیا میں سب سے سستا اور سب سے مہنگا موبائل انٹر نیٹ کن ممالک میں ہے، پاکستان کس نمبر پر ہےحیران کردینے والی تفصیلات
نئی دہلی(آئی این پی)ایک نئی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ بھارت دنیا میں سب سے سستا موبائل ڈیٹا پیکج فراہم کر رہا ہے جبکہ امریکا اور برطانیہ ان ممالک میں شامل ہیں جہاں ڈیٹا پیکج انتہائی مہنگا ہے۔برطانوی ویب سائٹ کی جانب سے مختلف ملکوں میں فراہم کیے جا رہے ڈیٹا پیکج کا تقابلی جائزہ لیا گیا جس میں انکشاف ہوا کہ بھارت دنیا میں سب سے سستا موبائل انٹرنیٹ پیکج فراہم کر رہا ہے۔بھارت میں ایک جی بی موبائل ڈیٹا 0.26 ڈالر کا ہے جبکہ برطانیہ میں ایک جی بی کے عوض 6.66ڈالر کا ریٹ ہے۔اس سلسلے میں امریکا میں ریٹ انتہائی زیادہ ہیں جہاں اتنا ہی موبائل انٹرنیٹ استعمال کرنے کے لیے آپ کو 12.37ڈالر کی ادائیگی کرنا
پڑتی ہے۔سستا ترین انٹرنیٹ فراہم کرنے والے ملکوں کی فہرست میں کرغزستان دوسرے نمبر پر موجود ہے جو اپنے صارفین کو 0.27 ڈالر کے عوض ایک جی بی انٹرنیٹ فراہم کررہا ہے جبک تیسرے نمبر پر موجود کازقستان کے عوام کو یہ سہولت 0.49ڈالر کے عوض میسر ہے۔اس سلسلے میں 230 ملکوں سے تفصیلات گزشتہ سال حاصل کی گئی تھیں جس کے مطابق دنیا میں سب سے مہنگا موبائل انٹرنیٹ زمبابوے میں ہے جہاں ایک جی بی موبائل ڈیٹا کے لیے 75.20ڈالر کی خطیر رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔جہاں یورپ کے اکثر ملکوں میں قیمتیں کہیں زیادہ ہیں وہیں فن لینڈ اس معاملے میں سب پر بازی لے گیا جہاں ایک جی بی انٹرنیٹ محض 1.16ڈالر میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔پاکستان کی بات کی جائے تو عالمی سطح پر سستے ترین انٹرنیٹ فراہم کرنے والے ملکوں کی فہرست میں پاکستان کا 33واں نمبر ہے جہاں صارفین ایک جی بی انٹرنیٹ کے لیے اوسطا 1.85ڈالر ادا کر رہے ہیں۔رپورٹ میں 58پلانز کا جائزہ لینے کے بعد بتایا گیا کہ پاکستان میں سستا ترین انٹرنیٹ 0.29ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ سب سے مہنگے موبائل انٹرنیٹ کے لیے صارفین 7.15ڈالر تک بھی ادا کر رہے ہیں۔اس فہرست میں بنگلہ دیش، افغانستان، سری لنکا اور ایران سمیت اکثر ایشیائی ممالک پاکستان سے آگے ہیں۔ساتویں نمبر پر موجود سری لنکا میں 0.78ڈالر، بنگلہ دیش 0.99ڈالر کی اوسط قیمت کے ساتھ 13ویں نمبر، میانمار 0.87ڈالر کے ساتھ نویں نمبر، ایران 1.28ڈالر کے ساتھ 19ویں نمبر اور افغانستان 1.60ڈالر کی اوسط قیمت کے ساتھ 26ویں نمبر پر موجود ہے۔جہاں ایک طرف ایشیائی مارکیٹ میں کم ریٹ دیکھنے کو ملے وہیں حیران کن طور پر ٹیکنالوجی کی دنیا میں آگے تصور کیے جانے والے ملک چین، جاپان اور کوریا میں موبائل انٹرنیٹ کافی مہنگا ہے۔