لاہور : پاکستان میں موبائل فون بنانے والی تمام کمپنیاں بند، زیادہ تر کمپنیوں نے ملازمین کو فارغ کر دیا، 3 غیر ملکی کمپنیوں سمیت ملک کی تقریباً تمام 30 موبائل فون کمپنیوں کی پیداواری سرگرمیاں مکمل طور پر بند کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک کا تباہ کن معاشی بحران موبائل فون انڈسٹری کو بھی نگل گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں موبائل فون تیار کرنے والے غیر ملکی برانڈ کے 3 یونٹس سمیت ملک کے تقریباً تمام 30 موبائل فون اسمبلی یونٹس اب بند ہو چکے۔ موبائل مینوفیکچررز کی جانب سے بتایا گیا ہے
کہ درآمدی پابندیوں کے سبب ان کے پاس خام مال ختم ہو گیا ہے، جس سے تقریباً 20 ہزار ملازمین کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زیادہ تر کمپنیوں نے ملازمین کو اپریل کی تنخواہوں کا نصف ایڈوانس ادا کرنے کے بعد فارغ کر دیا ہے۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک میں موبائل فون بنانے والی ایک کمپنی کے مالک نے اس پر افسوس کا اظہار کیا کہ کمپنیوں کو رمضان میں ملازمین کو گھر بھیجنا پڑا۔ انہوں نے کہاکہ میرے خاندان کے تین موبائل پروڈکشن یونٹس ہیں اور سب بند ہیں، انہوں نے اس کا الزام وزارت خزانہ کی نااہل اور عجیب پالیسیوں پر لگایا، انہوں نے کہا حکومت نے درآمد کنندہ کے لیے لیٹر آف کریڈٹ حاصل کرنا مشکل بنا دیا ہے۔ اس سے موبائل فون مینوفیکچرنگ میں استعمال ہونے والے اہم آلات اور پرزوں کی درآمد رک گئی ہے۔ پاکستان موبائل فون مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے ایک حالیہ خط میں وزارت آئی ٹی کو آگاہ کیا کہ مقامی موبائل کی فراہمی تقریباً بند ہو چکی ہے اور مارکیٹوں میں بھی موبائل فون کی قلت کا سامنا ہونا شروع ہو گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین حاجی عبدالرحمن کی جانب سے لکھے گئے خط میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ یہ صورتحال صارفین کے لیے بھی اتنی ہی پریشان کن ہے، جنہیں مقامی طور پر تیار کیے جانے والے موبائل سیٹ کے لیے کافی زیادہ قیمتیں ادا کرنی پڑ رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کم قیمت والے درآمدی فونز اور مقامی طور پر اسمبل شدہ یونٹس کی قیمتیں قریب آرہی ہیں، جس سے ان کے بقول مقامی سیٹس کی فروخت کو نقصان پہنچے گا۔ خط میں انہوں نے آئی ٹی کی وزارت کو بتایا کہ ملک کی موبائل انڈسٹری، جس میں تین غیر ملکی کمپنیوں سمیت 30 مقامی مینوفیکچررز شامل ہیں، بند ہونے کے دہانے پر ہے کیونکہ بہت سے سرمایہ کار اپنی توجہ دیگر شعبوں کی جانب مبذول کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کے پاس خام مال تقریباً ختم ہو چکا ہے، جو زیادہ تر چین، جنوبی کوریا اور ویت نام سے آتا ہے۔ موبائل مینوفیکچررز نے کہا کہ صنعت کو پوری صلاحیت سے کام کرنے کے لیے ہر ماہ 17 کروڑ ڈالر کے درآمدی پرزے اور آلات درکار ہوتے ہیں لیکن حکومت ڈالر کی کمی کے باعث کریڈٹ لیٹر کھولنے کی اجازت نہیں دے رہی اور دسمبر کے آخری ہفتے سے کوئی ایل سی نہیں کھولی گئی۔