Thursday December 5, 2024

متحدہ عرب امارات نے تاریخ رقم کر دی، اماراتی خلائی تحقیقاتی مشن مریخ کے مدار میں داخل ہوگیا

دبئی : متحدہ عرب امارات کا خلائی تحقیقاتی مشن مریخ کے مدار میں داخل ہوگیا۔ خلیجی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے خلائی تحقیق کے میدان میں آج تاریخ رقم کر دی۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے خلاء میں بھیجے جانے والا تحقیقاتی مشن کامیابی کیساتھ مریخ کے مدار میں داخل ہوگیا ہے۔ اس حوالے سے دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے کامیابی کا ٹوئٹ بھی کیا گیا۔

امارات کا خلائی مشن مریخ کے مدار میں داخل ہونے کے بعد زمین پر سگنل بھیجنے میں بھی کامیاب رہا۔ امارات کی جانب سے خلائی مشن “ہوپ” گزشتہ سال جولائی میں مریخ کی جانب روانہ کیا گیا تھا۔ خلائی مشن “ہوپ” کے مریخ کے مدار میں کامیابی سے داخل ہونے کے بعد پورے امارات میں جشن منایا جا رہا ہے۔ اس وقت دبئی کے برج خلیفہ پر خصوصی طور پر لوگوں کی بہت بڑی تعداد جمع ہے، جو اپنے ملک کی اس تاریخی کامیابی کی خوشی منا رہی ہے۔ خلائی مشن “ہوپ” کی کامیابی سے متحدہ عرب امارات مریخ پرپہنچنے والا دنیا کا پانچواں ملک بن گیا ہے۔ گزشتہ سال جولائی میں متحدہ عرب امارات کے ساتھ امریکا اور چین نے بھی اپنے خلائی مشن مریخ کی جانب روانہ کیے تھے۔

گزشتہ سال جولائی میں وہ وقت تھا جب مریخ اورزمین ایک دوسرے کے انتہائی قریب تھے چنانچہ تینوں ممالک نے اس نزدیکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مریخ پر مشن بھیجے۔ متحدہ عرب امارات کا مشن امریکا اور چین کے خلائی مشنز کے مقابلے میں پہلے مریخ پر پہنچنے میں کامیاب ہوا ہے۔ متحدہ عرب امارات دنیا کا پہلا اسلامی اور عرب ملک ہے جو خلائی مشن کو مریخ پر پہنچانے میں کامیاب ہوا۔

FOLLOW US