Sunday January 19, 2025

اسلام آباد میں پہلے الیکٹرک کار چارجنگ اسٹیشن کا آغاز

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسلام آباد میں پہلے الیکٹرک کار چارجنگ اسٹیشن کا آغاز ہو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پورے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں چارج کرنے والا یہ پہلا یونٹ ہو گا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹینکالوجی فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پہلے الیکٹرک کار چارجنگ اسٹیشن کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرک کار چارجنگ اسٹیشن کے آغاز کو دیکھ کر بے حد خوشی ہو رہی ہے، یہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ایک اور ہدف تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سفر کرنے کے حوالے سے الیکٹرک گاڑیوں کو لانا ہمارا مقصد تھا۔ خیال رہے کہ پاکستان میں اب سسٹی الیکٹرک کار متعارف کروا دی گئی ہے۔ کراون گروپ نامی پاکستانی کمپنی نے محض 4 لاکھ روپے کی قیمت میں سستی ترین الیکٹرک کار پیش کر دی، آنے والے دنوں میں مزید سستی الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ حکومت کی جانب سے ملک کی پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی مرتب کی جا رہی ہے جس کا جلد نفاذ بھی کر دیا جائے گا۔ حکومت کے اس فیصلے کے باعث ملک میں جلد سستی ترین الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ اس سلسلے کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔ کراچی میں کراون گروپ نامی پاکستانی کمپنی پاکستان کی سب سے سستی ترین الیکٹرک کار متعارف کروائی ہے۔

کراون گروپ کی جانب سے 3 مختلف گاڑیاں پیش کی گئی ہیں۔ کمپنی ایک کار، ایک رکشہ اور ایک اسکوٹی متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کمپنی کی جانب سے پیش کی گئی کار کی قیمت 4 لاکھ روپے، رکشے کی قیمت 3 لاکھ روپے جبکہ اسکوٹی کی قیمت 55 ہزار روپے ہوگی۔ بتایا گیا ہے ان تمام گاڑیوں کا فی کلومیٹر خرچ 80 پیسے سے 1 روپے 25 پیسے تک ہوگا۔ مکمل چارج پر کار 50 کلومیٹر تک کا، رکشہ 60 کلومیٹر تک کا جبکہ اسکوٹی 70 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکے گی۔

FOLLOW US