لاہور(نیوز ڈیسک )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جلد پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہوگا جو ٹرانسپورٹ کو بجلی پر منتقل کر سکیں گے، ملکی تاریخ کی پہلی الیکٹرک وہیکل پالیسی منظور کرلی گئی، پالیسی کے تحت موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو بیٹریز پر منتقل کیا جا سکے گا، پاکستان میں الیکٹرک وہیکلز مینو فیکچرر یونٹس بھی قائم ہوں گے۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے ایک انٹرویومیں بتایا کہ پاکستان میں موٹر سائیکل اور تھری وہیلرز کو الیکڑک وہیکل پر منتقل کرنا چاہتے ہیں، پاکستان دنیا کے چند ممالک کرنا چاہتے ہیں،
پاکستان دنیا کے چند ممالک میں شامل ہوگا جو ٹرانسپورٹ کو بجلی پر منتقل کر سکیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹرک وہیکل مینو فیکچرنگ یونٹس لگانے والوں پر صرف 1 فیصد ڈیوٹی ہوگی، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مستقبل میں بیٹریز کے استعمال پر کام کر رہی ہے۔الیکٹرک وہیکل پالیسی کے لیے وزارت صنعت، ماحولیات اور سائنس و ٹیکنالوجی نے مشترکہ طور پر کام کیا اور اسے گزشتہ روز اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں منظور کیا گیا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی بیٹریاں بنانے والی چینی کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایسی بیٹری تیار کرلی ہے جو 16 سال تک چلے گی اور 20 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔چینی کمپنی کنٹیمپریری ایمپیکس ٹیکنالوجی (کاٹل) کا کہنا ہے کہ وہ طویل مدت تک چلنے والی بیٹریاں تیار کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے ایک ایسی بیٹری تیار کی ہے جو 20 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرسکے گی ، یہ بیٹری 16 سال تک استعمال کی جاسکے گی۔کمپنی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اگر کسی الیکٹرک کار بنانے والی کمپنی نے اس بیٹری کا آرڈر دیا تو وہ اس کی صنعتی پیمانے پر تیاری شروع کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ اس وقت زیادہ تر الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنیاں، ساٹھ ہزار سے ڈیڑھ لاکھ میل تک بیٹری کی وارنٹی دیتی ہیں جس کا دورانیہ تین سے آٹھ برس تک ہوتا ہے۔