راجکوٹ(نیوز ڈیسک) آسٹریلوی لیگ سپنر ایڈم زمپا بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے دشمن نمبر ون بن گئے۔ایڈم زمپا سیریز میں لگاتار دوسری بار ویرات کوہلی کی وکٹ اڑانے میں کامیاب رہے، ممبئی کے بعد راجکوٹ میں بھی کوہلی حریف سپنر کی گھومتی گیندوں کو سمجھنے میں یکسر ناکام رہے۔زمپا نے 11 اننگزمیں پانچویں بار انھیں میدان چھوڑنے پر مجبور کیا، کوہلی کو ٹھکانے والوں کی منفرد فہرست میں وہ اب مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔اس فہرست میں پہلا نمبر ویسٹ انڈین فاسٹ باولر روی رامپال کا ہے جنہوں نے بھارتی کپتان کو 6 بار پوویلین بھیج رکھا ہے،زامپاکے علاوہ سری لنکن آل رائونڈر تھیسارا پریرا
اور کیوی فاسٹ بائولر ٹم سائوتھی نے بھی 5،5 مرتبہ ویرات کوہلی کی وکٹ حاصل کررکھی ہے، سری لنکن آف سپنر سورج رندیو،سابق برطانوی آف سپنر گریم سوان اور آسٹریلوی فاسٹ بائولر جائی رچرڈسن نے بھی4،4 مرتبہ ویرات کو پوویلین واپس بھیج رکھا ہے-یاد رہے کہبھارت نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیا کو 36 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ساؤراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 340 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے شیکھر دھون نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 96 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں روہت شرما نے 42، ویرات کوہلی نے 78، شریاس ائیر نے 7، لوکیش راہول نے 80، منیش پانڈے نے 2 اکور رویندرا جدیجہ نے 20 رنز بنائے۔آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زامپا سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 50 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ کین رچرڈسن نے 10 اوورز میں 73 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں آسٹریلین ٹیم 49.1 اوورز میں 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
سٹیو سمتھ نے سب سے زیادہ 97 رنز بنائے جبکہ دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ وارنر نے 15، ایرون فنچ نے 33، مارنوس لابوشین نے 46، ایلکس کیری نے 18، ایشٹن ٹرنر نے 13، ایشٹن اگر نے 25، مچل سٹارک نے 6، کین رچرڈسن نے 24 اور ایڈم زامپا نے 6 رنز بنائے۔بھارت کی جانب سے محمد شامی سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 77 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نودیپ سائنی، رویندرا جدیجہ اور کلدیپ یادیو نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپریت بمرا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔









