لاہور(نیوز ڈیسک) بھارت نے پاکستان میں 12 جنوری سے شروع ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کی تصدیق کردی ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور نے کہا ہے کہ بھارت کا 18 رکنی دستہ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے پاکستان آئے گا۔انہوں نے بتایا کہ کبڈی ورلڈ کپ میں بھارت،
ایران، امریکہ، آسٹریلیا، انگلینڈ، کینیڈا شریک ہوں گے جب کہ کینیا، ناروے، نیوزی لینڈ اور جرمنی نے بھی کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب اور فائنل لاہور میں ہی ہو گا، سرکل سٹائل میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ کبڈی ورلڈکپ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔یاد رہے فروری میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے قافلے میں خود کش دھماکے کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی عروج پر ہے اور مودی سرکار اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان کے خلاف کھیلنے سے روک رہی ہے جس کو دیکھتے ہوئے بھارت کا کبڈی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان آنے کا فیصلہ ایک بڑا قدم قرار دیا جاسکتا ہے۔