اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مصباح الحق کی برطرفی کا مطالبہ کر دیا، نعیم الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، وقت آگیا ہے کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کو عہدے سے الگ کر دیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی پر شدید تنقید کی ہے۔
نعیم الحق نے خاص کر قومی ٹیم کے کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مصباح الحق کے حوالے سے نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کو عہدے سے الگ کر دیا جائے۔ واضح رہے کہ ناصرف نعیم الحق، بلکہ دیگر حلقوں کی جانب سے بھی پے درپے ناکامیوں کے بعد قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مصباح الحق کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ کے عہدے سنبھالنے کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم سری لنکا کی کمزور ٹیم کیخلاف ایک روزہ سیریز کے علاوہ اب تک کھیلے گئے بقیہ تمام میچز میں شکست کا شکار ہوئی ہے۔ اس وقت آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا دوسرا اور آخری میچ جاری ہے۔ اس میچ میں بھی پاکستان پر شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں۔