Monday November 25, 2024

ہیڈ کوچ مصباح الحق ،عمر اکمل اور احمد شہزاد کے بعد ایک اور پُرانے کھلاڑی کو موقع دینے پر غور کرنے لگے

لاہور: مصباح الحق کو اپنے ”ناکام“ پروفیسر دوست کی یاد ستانے لگی جب کہ دورہ آسٹریلیا کیلئے مسلسل آﺅٹ آف فارم محمد حفیظ کی واپسی پر غور ہونے لگا۔ورلڈکپ کے بعد سینٹرل کنٹریکٹ سے محروم ہونے والے محمد حفیظ کو سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے مستقبل کے پلان سے باہر کردیا تھا،ان کو پری سیزن کیمپ کے بعد سری لنکا سے سیریز کیلئے بھی زیر غور نہیں لایا گیا، بولنگ کوچ بننے سے قبل وقار یونس نے تو انھیں ریٹائرمنٹ کا مشورہ بھی دیدیا تھا،البتہ اب پرانے دوست چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق آسٹریلیا سے ٹی ٹونٹی سیریز میں حفیظ کو آزمانے پر غور کر رہے ہیں۔

مشکلات میں گھرے آل راﺅنڈرکا ستارہ تاحال گردش سے باہر نہیں نکل سکا، سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی جانب سے کیریبیئن لیگ میں بھی انکی کارکردگی غیرمعیاری رہی، انھوں نے 9میچز میں 17.77کی اوسط سے صرف 160 رنز بنائے،اس میں کوئی نصف سنچری شامل نہیں تھی۔ سب سے بڑی اننگز 37 رنز رہی۔دوسری جانب قومی ٹیم سے نظر اندارشعیب ملک سی پی ایل میں گیان ایمازون کی طرف سے مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں، آل راﺅنڈر سری لنکا سے ہوم سیریز کھیلنا چاہتے تھے مگر کسی نے انھیں لفٹ نہ کرائی، وہ ویسٹ انڈیز میں 78.25کی ایوریج اور 128.27کے سٹرائیک ریٹ سے 313رنز بنا کرچھٹے کامیاب ترین بیٹسمین ہیں، انکی سب سے بڑی اننگز ناقابل شکست 73 رنز رہی۔ پاکستان کی سری لنکا کی نو آموز ٹیم کیخلاف انتہائی ناقص کارکردگی کے بعد آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونےوالے ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے شعیب ملک کو زیر غور لائے جانے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

FOLLOW US