Tuesday January 21, 2025

سری لنکا کی تیسری درجے کی ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی

لاہور: تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو 35رنز سے شکست دیکر ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی ۔پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں قومی بلے بازوں کے ہاتھ پاو¿ں پھول گئے، گزشتہ میچ میں مایوس کرنےوالے احمد شہزاد اور عمر اکمل اس بار بھی ٹیم کو ڈبو گئے، عمر اکمل مسلسل دوسرے میچ میں صفر پر آﺅٹ ہوئے جب کہ احمد شہزاد نے 16 گیندوں پر 13 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد 26 رنز کی مزاحمت کرسکے، سپنر ڈی سلوا نے ایک ہی اوور میں تینوں کی وکٹیں حاصل کیں۔

اوپنر بابراعظم 3 اور فخرزمان 6 رنز تک ہی محدود رہے، عماد وسیم اور آصف علی نے چھٹی وکٹ کیلئے 74رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد عماد وسیم 28گیندوں پر8چوکوں کی مدد سے47رنز بنا کر اودانا کی گیند پر آﺅٹ ہوئے،وہاب ریاض کی اننگز میں7رنز تک محدود رہی،شاداب خان صفر کی خفت سے دوچار ہوئے،آصف علی29رنز بنا کر چلتے بنے،اس سے قبل لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا نے پاکستان کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پہلے میچ کے ہیرو گوناتھلیکا اس بار ناکام رہے اور صرف 15رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار بن گئے ، فرنینڈو 8رنز بنا کر شاداب خان کی پھرتی کے باعث رن آﺅٹ ہوگئے ، راجا پکسا اور جے سوریانے تیسری وکٹ کے لیے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 94رنز جوڑے جس کے بعد جے سوریا34رنز بنا کررن آﺅٹ ہوئے ،راجا پکسا48گیندوں پر 77رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے ،بھانوکا بھی بغیر کوئی رن بنائے رن آﺅٹ ہوگئے،اودانا8رنز بنا کر وہاب کی گیند پر بولڈ ہوئے،پاکستان نے 25 رنز کے اندر 3 وکٹیں حاصل کر کے کم بیک کی پوری کوشش جسے شناکا نے ڈی سلوا کے ساتھ مل کر ناکام بنا دیا اور 27 رنز کا اضافہ کرکے مجموعے کو 182 تک پہنچادیا، شناکا 15 گیندوں پر 27 رنز بنا کر اور ڈی سلوا 2 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے۔

پاکستان کے سب سے تجربہ کار بولر محمد عامر سب سے مہنگے ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 40 رنز دے کر بھی کوئی وکٹ حاصل نہیں کی جب کہ محمد حسنین اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں 39 رنز دے کر خالی ہاتھ رہے، شاداب خان کو 38 رنز کے عوض ایک وکٹ ملی،وہاب ریاض نے 31 اور عماد وسیم 27 رنز دےکر 1،1 وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔انہوں نے گزشتہ میچ میں فاتح الیون برقرار رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم بنیادی چیزوں پر عمل کرتے ہوئے میچ اور سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے لیکن ٹاس ہمارے اختیار میں نہیں ہے۔انہوں نے قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افتخار احمد کی جگہ فخر زمان اور فہیم اشرف کی جگہ وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ ہم سری لنکا کو کم سے کم رنز تک محدود کر کے ہدف حاصل کرنےکی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ شکست ہمیشہ بہت مایوس کن ہوتی ہے لیکن ٹی20 جو ٹیم اس دن اچھا کھیل پیش کرتی ہے، فتح اسی کے قدم چومتی ہے لیکن ہم اس میچ میں ہر کارکردگی دکھا کر فتح کے لیے پرعزم ہیں۔یاد رہے کہ سری لنکا نے ہفتے کو لاہور میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 64 رنز سے شکست دی تھی۔

FOLLOW US