Monday January 20, 2025

نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی ہیٹرک ۔۔۔ لگاتار کون سے تین کھلاڑیوں کو چلتا کیا؟ جانیے

لاہور(ؤیب ڈیسک) سری لنکا کے خلاف پلے ٹی20 میچ میں محمد حسنین نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک کا اعزاز حاصل کر لیا۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے ابتدائی اوورز محمد حسنین کے لیے زیادہ اچھے ثابت نہ ہوئے اور وہ نسبتاً مہنگے ثابت ہوئے۔تاہم فاسٹ باؤلر نے میچ کے 16ویں اور اپنے تیسرے اوور کی آخری گیند پر بنوکا راجا پکسے کو آؤٹ کر کے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔اس کے بعد اگلے اوورز فہیم اشرف اور محمد عامر نے کیے جس کے بعد سرفراز احمد 19ویں اوور میں حسنین کو دوبارہ باؤلنگ کے لیے لے کر آئے۔حسنین نے اپنے چوتھے اوور کی پہلی گیند پر سری لنکن کپتان داسن شناکا اور شیہان جے سوریا کو آؤٹ کر کے اپنے کیریئر کی پہلی انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کرنے کا کارنامہ انجام دے دیا۔ جبکہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق سری لنکا کی جانب سے سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں دیے گئے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 3 اہم بلے بازوں سے محروم ہو کر مشکلات سے دوچار ہے۔

ہدف کے تعاقب میں اوپننگ کرنے والے بابراعظم 13 رنز بنا کر اور ٹیم میں تین سال بعد واپسی کرنے والے عمر اکمل صفر پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد احمد شہزاد بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور صرف 4 رنز بنا کر پویلین سدھار گئے۔پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 22 رنز بنا لیے ہیں۔کپتان سرفراز 3 رنز اور افتخار احمد صفر پر کھیل رہے ہیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر وکٹ کو بیٹنگ کے لیے سازگار قرار دیتے ہوئے سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔سری لنکا کے اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اور پہلی وکٹ میں 84 رنز کی شراکت قائم کرکے اچھی بنیاد رکھی۔شاداب خان نے 38 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز کی اچھی اننگز کھیلنے والے گوناتھیلاکا کو آؤٹ کرکے میچ میں پہلی وکٹ حاصل کی۔سری لنکا نے 12 ویں اوور میں 100 رنز مکمل کر لیے تھے اور آوشکا فرنینڈو نے بنوکا راجا پکسے کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 36رنز جوڑے لیکن 120 کے مجموعی اسکور پر فرنینڈو رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔راجا پکسے نے 32 رنز کی اننگز کھیلی لیکن محمد حسنین کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے۔

اس کے بعد فہیم اشرف کے اگلے اوور میں 15 رنز بنے جبکہ محمد عامر کے اوور میں سری لنکن بلے باز صرف تین رن ہی بنا سکے۔ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ سری لنکن بلے باز باآسانی 180-190 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن اختتامی اوورز میں پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب مہمان بلے باز زیادہ تیزی سے رنز نہ بنا سکے۔اننگز کے 19ویں اوور میں سری لنکن بلے بازوں نے حسنین کو آڑے ہاتھوں لینے کی کوشش کی لیکن اس کوشش میں 17 رنز بنانے والے کپتان داسن شناکا اور شیہان جے سوریا دوجنوں اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے اور حسنین نے اپنی پہلی انٹرنیشنل ہیٹ ٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوور میں 5وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے حسنین تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ ایک وکٹ شاداب نے حاصل کی۔سیریز کے پہلے میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں متعدد تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں طویل عرصے سے ٹیم سے باہر رہنے والے احمد شہزاد اور عمر اکمل کے علاوہ نوجوان باؤلر محمد حسنین، تجربہ کار آل راؤنڈر عماد وسیم اور آصف علی فائنل الیون کا حصہ ہیں۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے لیکن ہم کم سے کم رنز پر سری لنکن ٹیم کو محدود کرنے کی کوشش کریں گے۔سرفراز نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہاں اوس پڑے گی جس سے باؤلنگ مشکل ہو جائے گی اور اسی وجہ سے ہم نے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا کو ہرانا آسان نہیں ہو گا کیونکہ وہ ٹی20 میں اچھی کارکردگی دکھانے کا فن جانتے ہیں اور ہم ان شااللہ اپنی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔سری لنکا کے ٹی20 کپتان داسن شناکا نے کہا کہ میں یہاں کھیل کر لطف اندوز ہوتا ہوں، ہماری ٹیم اچھے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم پاکستانی ٹیم سے اچھا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہیں گے۔داسن شناکا نے کہا کہ اس وکٹ پر 170 رنز ایک اچھا اسکور ہو گا۔میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔پاکستان: سرفراز احمد(کپتان)، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، عمر اکمل، آصف علی، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد عامر اور محمد حسنین۔سری لنکا: داسن شناکا(کپتان)، دھنشکار گونا تھیلاکا، آوشکا فرنینڈو، شیہان جے سوریا، بنوکا راجا پکسے، نود بھنوکا، لکشن سنداکن، ایسورو یوڈانا، ونندو ہسارنگا، کاسن رجیتھا اور نوان پرادیپ۔

FOLLOW US