Tuesday January 21, 2025

مکی آرتھر کو انگلش اور سری لنکن ٹیم کوچنگ ملنے کی امیدیں بھی دم توڑنے لگیں

لاہور(نیوزڈیسک) جذباتی مکی آرتھر کو انگلش ٹیم کی کوچنگ ملنے کی امیدیں بھی دم توڑنے لگیں۔انگلش کرکٹ بورڈ کسی ٹھنڈے دل و دماغ کے مالک کوچ کی خدمات حاصل کرنےکا خواہاں ہے،انگلینڈ کو فاتح ورلڈکپ بنانے میں اہم کردار ادا کرنےوالے ٹریور بیلس آئندہ ماہ کے وسط میں ایشز سیریز مکمل ہونے کے بعد دستیاب نہیں ہوں گے، انھیں آئی پی ایل

کی فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد کو جوائن کرنا ہے۔ جذباتی پن کی وجہ سے سابق پاکستانی ہیڈ کوچ کو انگلش ٹیم سے وابستہ کرنے کے امکانات نہیں ہیں،پہلے سے ہی انگلینڈ کے کوچنگ سٹاف میں شامل کرس سلور ووڈ پہلی اور آسٹریلوی اینڈریو میکڈونلڈ دوسری ترجیح ہوں گے۔دوسری جانب سری لنکا کی کوچنگ ریس سے بھی آرتھر اب باہر ہو گئے ہیں۔ ادھرپی سی بی کے رویے سے نالاں سابق کوچ مکی آرتھر واجبات کی ادائیگی کے بعد خاموشی کے ساتھ بوریابستر سمیت کر وطن چلے گئے۔ مکی آرتھر کا معاہدہ 15 اگست تک ہے لیکن معاہدے میں توسیع نہ ہونے پر انہیں گھر کی راہ لینا پڑی۔ ذرائع کے مطابق سابق کوچ کو یقین دلایا گیا تھا کہ انکی خواہش کے مطابق انہیں مزید ٹیم کےساتھ ذمہ داریاں نبھانےکا موقع دیا جائےگا لیکن فراغت کا فیصلہ اچانک سنائے جانے پر وہ بورڈ حکام سے ناخوش تھے، چند روز پہلے تک خاصے خوش نظر آنےوالے مکی آرتھر آخری روز وہ خاصے بجھے بجھے دکھائی دیئے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بھی وہ زیادہ تر وقت فون پر مصروف رہے، انہوں نے این سی اے سٹاف سے بات چیت سے بھی گریز کیا اور جاتے ہوئے الوداعی ملاقات اور تصاویر بنوانا بھی گوارا نہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سابق کوچ کو یقین نہیں آرہا تھا کہ بورڈ ان کےساتھ یہ سلوک بھی کرسکتا ہے۔

FOLLOW US