Thursday November 13, 2025

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لینے کا اعلان کردیا

لاہور (نیوزڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ لینے کا اعلان کردیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 27سالہ محمد عامر کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرنے کے بعد کہنا تھا کہ کرکٹ کے رویتی فارمٹ میں کھیلنا میرے لیے اعزاز تھا،آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ قریب آرہی

ہے اور پاکستان کے پاس کئی نوجوان فاسٹ باﺅلرز موجود ہیں جس کے باعث میں نے یہ فیصلہ کیا تاکہ سلیکٹرز کو کوئی مشکل پیش نے آئے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اب ٹی ٹوٹنی ورلڈ کپ2020ءاور دیگر میچز کے لیے فارم اور فٹن پر توجہ دینا چاہتے ہیں ۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ساتھ اور خلاف کھیلنے والوں کے شکر گزار ہیں جن سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا اور انہیں امید ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ عامر کا شمار موجودہ دور کے بہترین فاسٹ باﺅلر ز میں ہوتا ہے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی کمی پاکستان کرکٹ کو محسوس ہوگی ۔ محمد عامر نے جولائی 2009ءمیں سری لنکا کے خلاف گال کے مقام پر اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 36میچز میں 30.47کی اوسط سے 119وکٹیں حاصل کیں،ان کے بہترین باﺅلنگ فگرز اپریل2017ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف کنگسٹن کے مقام پر 44رنز دیکر 6وکٹیں لینا رہے۔انہوں نے 2010ءکے سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں ملوث ہونے سے قبل 14ٹیسٹ میچز میں29.09کی اوسط سے 51وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ5سالہ پابندی کے اختتام پر ستمبر2015ءمیں انٹر نیشنل کرکٹ میں واپسی کے بعد انہوں نے 22ٹیسٹ میچز میں 31.51کی اوسط سے 68شکار کیے۔