Monday January 20, 2025

بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کیلئے قومی ٹیم کا خفیہ منصوبہ، وزیراعظم نے عملدرآمد سے روک دیا

لاہور : وزیراعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ میں کسی بھی قسم کی سیاسی حرکت سے گریز کرنے کی تلقین کردی، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنے، بھارتی کرکٹ ٹیم کے سیاسی حربوں پر توجہ نہ دینے کی ہدایت۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈکپ میں بھارت کیخلاف میچ کے دوران جارحانہ رویہ اختیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

بھارتی ٹیم نے پلوامہ حملے کے بعد سے کھیل میں سیاست کو ملوث کرنے کی کوششیں کی ہیں۔ پہلے بھارتی ٹیم کی جانب سے فوجی ٹوپیاں پہنچ کر میچ کھیلا گیا۔ جبکہ اب بھارتی وکٹ کیپر ایم ایس دھونی بھارتی فوج کے لوگو والا گلوو پہنچ کر میچز کھیل رہے ہیں۔ اس تمام صورتحال میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھی بھارتی ٹیم کیخلاف میچ کے دوران جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اس بات کی اطلاع ملنے پر وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو خصوصی پیغام بھیجا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ میں کسی بھی قسم کی سیاسی حرکت سے گریز کرنے کی تلقین کی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو صرف کھیل پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیئے۔ جبکہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے سیاسی حربوں پر توجہ نہ دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔ دوسری جانب عالمی کپ 2019 کا سب سے بڑا میچ پاکستان بمقابلہ بھارت بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں 16 جون کو کھیلے جانے والے میچ کے موسم کے احوال اچھے دکھائی نہیں دے رہے، موسم کی پیشگوئی کرنے والی مایہ ناز ویب سائٹ کے مطابق مانچسٹر میں بارش ہونے کے امکانات موجود ہیں۔پیش گوئی کی گئی ہے کہ مانچسٹر میں کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش کا امکان ہے جو عالمی کپ کے میلے کے سب سے بڑے میچ کو متاثر کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین میچ بھی بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہے جبکہ اس سے قبل افغانستان اور سری لنکا کے مابین میچ بھی بری طرح متاثر ہوا تھا۔واضح رہے کہ رواں ماہ انگلینڈ کے بیشتر شہروں کے حوالے سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جس سے عالمی کپ 2019 کے کئی میچز متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

FOLLOW US