کیپ ٹاؤن (نیوزڈیسک) کرکٹ ساؤتھ افریقہ نے تصدیق کی ہے کہ سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز نے ورلڈکپ کیلئے جنوبی افریقی سکواڈ کا اعلان کئے جانے سے ایک روز قبل ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیشکش کی تھی مگر گورننگ باڈی نے ٹھکرا دی۔جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے یہ تصدیق معروف ویب سائٹ ’کرکٹ انفو‘ کی رپورٹ کے بعد کی ہے جس میں اے بی ڈویلیئرز کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیشکش کا انکشاف کیا گیا تھا۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے
سلیکٹر لنڈا زونڈی نے یہ پیشکش ٹھکرانے کی بھی وضاحت کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ” کپتان فاف ڈوپلیسی اور ہیڈ کوچ اوٹس گبسن کی جانب سے ورلڈکپ سکواڈ کا اعلان کئے جانے سے صرف ایک روز قبل اے بی ڈویلیئرز کی پیشکش کا پتہ چلنا سب کیلئے حیران کن تھا۔ اے بی ڈویلیئرز کی ریٹائرمنٹ سے بہت بڑا خلاءپیدا ہوا جسے پورا کرنے کیلئے ہمیں ایک سال سخت محنت کی ضرورت ہے۔ہمارے پاس سخت محنت کرنے والے کھلاڑی ہیں جو ورلڈکپ کھیلنے کے حقدار تھے اور یہی وجہ ہے کہ یہ پیشکش ٹھکرانے کا فیصلہ اصولوں کی بنیاد، ٹیم کیساتھ خلوص نیت کی وجہ سے اور ہمارے فرنچائز سسٹم اور کھلاڑیوں کے باعث کیا گیا۔“یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ میں جاری ورلڈکپ کے دوران جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جو اب تک تین میچوں میں شکست کھا چکی ہے جس میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں ملنے والی تاریخی شکست بھی شامل ہے اور اب ٹورنامنٹ میں آگے جانے کیلئے اسے سخت محنت کی ضرورت ہے۔









