اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کے شعیب اختر اور انگلینڈ کے کیون پیٹرسن کے درمیان لفظوں کا میچ پڑگیا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کے بعد شعیب اختر نے ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے اپنے پیغام کے ساتھ کیون پیٹرسن کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن منانے کی تصویر شیئر کی ہے جس کے بعد دونوں طرف سے لفظی جنگ شروع ہو گئی ہے۔سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے گرین شرٹس کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے لکھا کہ لہو ، مٹھاس ، غصہ ، تیز دل کی دھڑکن اور
بدمعاشی ، یہ وہ چیزیں ہیں جواس وقت چاہیے ہوتی ہیں جب آپ اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں، آپ کے سینے پر بنا ستارہ آپ کا فخر ہے ، تگڑا کھیلو ، زیر کر دو انہیں ، لڑ جاؤ۔اس کے ساتھ شعیب اختر نے اپنی ایک پرانی تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ کیون پیٹرسن کو آؤٹ کرنے کے بعد جشن منا رہے ہیں۔ شعیب اختر کی اس تصویر پر کیون پیٹرسن بھی میدان میں آ گئے۔انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ دوست میں تمہارے ٹویٹ پر بحث نہیں کروں گاجیسا کہ میں نے تمہیں سنچری کیلئے ہر طرف مارا تھا ، تم اس کے بعد جشن منا رہے تھے۔ شعیب اختر نے کیون پیٹرسن کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دوست آپ حساب کتاب کیلئے اصلی طاقت تھے ، لیکن آپ کو آوٹ کرنے کے بعد مجھے میرا چکن ڈانس بہت پسند تھا۔









