لاہور(نیوز ڈیسک ) آسٹریلیا کے سابق سپنر بریڈ ہوگ نے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی پاکستانی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صاف لگتا ہے کہ پاکستانی ٹیم گھبراہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق بریڈ ہوگ نے کہا کہ ایک آؤٹ آف فارم باؤلر کو ٹیم میں شامل کرنے سے صاف دکھائی دیتا ہے کہ پاکستانی ٹیم گھبراہٹ کا شکار ہوچکی ہے۔
اگر وہ پہلے والے اٹیک پر ہی اعتماد برقرار رکھتی تو میں اسے ورلڈ کپ کی ٹاپ 4 سائیڈز میں شامل کرتا۔ہوگ نے کہا کہ پاکستان کے پاس کئی کوالٹی باؤلرز ہیں مگر وہ گھبرا گئے اور ایک ایسے تجربہ کار باؤلر کو سکواڈ میں شامل کر لیا جس نے گزشتہ دو سال کے دوران کارکردگی نہیں دکھائی جبکہ انہوں نے فہیم اشرف کو ڈراپ کر کے وہاب ریاض کو میگا ایونٹ کیلئے ٹیم میں شامل کئے جانے کی حمایت بھی کی۔ہوگ نے کہا کہ فہیم اشرف کارکردگی نہیں دکھا رہے تھے، اس لئے انہیں جانا تھا جبکہ وہاب ریاض کی شمولیت مجھے پسند آئی کیونکہ وہ تیز رفتار ہیں اور بہترین یارکر کے ذریعے بلے بازوں کیلئے مشکلات پیش کر سکتے ہیں۔









