کیپ ٹاؤن(آئی این پی)پاکستان ویمنز نے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ ویمنز کو سات وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی ، پاکستان ویمنز نے 120رنز کا ہدف18اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا ، پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف اور ندا ڈار نے 53,53رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،
پاکستان کی ندا ڈار کو میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ جنوبی افریقہ ویمنز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 119رنز بنائے ۔ جنوبی افریقہ ویمنز کی جانب سے ٹریون نے 43،ڈو پریز نے 23 اور شبنیم اسماعیل نے 20رنز بنائے ۔ پاکستان ویمنز کی جانب سے ثناءمیر نے تین ، ندار ڈار نے دو، عالیہ ریاض اور ناشرا سندھو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔جواب میں پاکستان ویمنز نے 120رنز کا ہدف دو اوورز قبل ہی پورا کر لیا ۔پاکستان کو اننگز کے آغاز میں جویریا رؤف کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹیں ، پاکستان کی دوسری وکٹ 29رنز کے مجموعی سکور پر گری جب عمائمہ سہیل 10رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں ۔پاکستان کی نئی آنے والی بلے باز بسمہ معروف اور نداڈار نے تیسری وکٹ کےلئے 89رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کی جیت میں اہم کردارادا کیا ۔پاکستان کی تیسری وکٹ 118رنز کے مجموعی سکور پر گری جب ندا ڈار 53رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں ۔ پاکستان کی ندا ڈار کو میچ میں آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ18مئی کو کھیلا جائے گا ۔









