راولپنڈی (آئی این پی)لیگ اسپنرشاداب خان وائرس سے نجات پاکر ورلڈکپ اسکواڈ کوجوائن کرنے کےلئے(آج)جمعرات کوانگلینڈ روانہ ہوں گے ۔جہاں ڈاکٹرپیٹرک کینڈی ان کا دوبارہ تفصیلی معائنہ کریں گے،شاداب خان 20مئی کوقومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ 2019کے لیے مکمل طور پر فٹ ہیں اور جلد انگلینڈ روانہ ہوجائیں گے جہاں وہ قومی ٹیم میں شامل ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی بھر پور
صلاحیت رکھتی ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران بیٹسمین تو اچھا کھیل رہے ہیں لیکن بالرز کی کارکردگی بہتر نہیں ہے اگر ٹیم میں 4اہم کھلاڑی نہ کھیل رہے ہوں تو فرق پڑتا ہے۔شاداب خان نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ تک بالرز ردھم میں آجائیں گے ہم انگلینڈ کے خلاف دیگر میچز جیت کر ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیم کے بالرز بہتر کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ مڈل اوور میں زیادہ محنت کر رہے ہیں کیونکہ اگر مڈل اوور میں بیٹسمین کو آوٹ نہ کریں تو اگلے اوورز میں بہت زنز بن سکتے ہیں۔لیگ اسپنر نے اپنی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کا معلوم ہونے پر کچھ پریشانی ضرور ہوئی تھی جبکہ دانتوں کے علاج کے دوران جو ہیپاٹائٹس کی خبر پھیلی تھی اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں پی سی بی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میرا علاج کرایا تاہم اب میں تندرست ہوں۔ اللہ کی جانب سے جو ہوتا ہے تو درست ہی ہوتا ہے۔شاداب خان نے کہا کہ ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں نے میری بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔ گزشتہ 3سال سے انگلینڈ میں کھیل رہے ہیں اس لیے مشکلات نہیں ہوں گی تاہم اب کرکٹ بہت تیز ہو گئی ہے وکٹیں لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔









