Monday January 20, 2025

گنگولی انگلینڈ میں پاکستان کے شاندار ریکارڈ کے معترف

ممبئی (آئی این پی)سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نےانگلینڈ میں ریکارڈ اور آئی سی سی ٹورنامنٹ میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کو فیورٹ ٹیموں میں ایک ٹیم قرار دیا ہے۔بھارتی اخبار کے مطابق سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ عالمی ٹورنامنٹس اور انگلینڈ میں پاکستان ٹیم کا ریکارڈ غیرمعمولی ہے، دوسال قبل انہوں نے چیمپئنز ٹرافی جیتی، انگلینڈ میں

2009 میں ورلڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ جیتا۔حالیہ سیریز کے دوران انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی کارکردگی کی مثال دیتےہوئے گنگولی نے کہا کہ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھا کھیلا ہے، وہ صرف 12رنز سے پیچھے رہ گئے نہیں تو انہوں نے 374رنز کا پہاڑ جیسا ہدف تقریبا حاصل کرلیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی عمدہ بولنگ کی وجہ سے انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر ٹیسٹ میچز میں بھی شکست دی ہے۔گنگولی کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی اور ان کی ٹیم کواس خطرے سے بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بھارتی اسکواڈ میں گہرائی ہے اور اسے ہرانا بہت مشکل ہے۔سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ میں ریکارڈز پر یقین نہیں رکھتا، دونوں ٹیموں کو اس خاص دن اچھا کھیلنا ہوگا، بھارت اچھی ٹیم ہے، ایسی ٹیم جس میں کوہلی، روہیت شرمااور شیکھر دھون جیسے کھلاڑی ہوں، اسے شکست دینا مشکل ہوگا۔ورلڈ کپ 2003 کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھانے والی بھارتی ٹیم کا آج کی ٹیم کے ساتھ موازنہ کرنے کے سوال پر گنگولی نے کہا کہ دونوں ٹیمیں مختلف جنریشن کی ہیں، ہم نے 2003 میں فائنل کھیلا، مجھے امید ہے یہ فائنل کھیلیں گے اور جیتیں گے۔

FOLLOW US