Wednesday January 22, 2025

آصف علی نے دھواں دھار اننگز کھیل کر مکی آرتھر کوخوش کردیا

ساﺅتھمپٹن (نیوزڈیسک) انگلینڈ سے دوسرا ون ڈے میں ان کے مختصر لاٹھی چارج نے ہی کوچ مکی آرتھر کو خوش کردیا، کہتے ہیں کہ آصف میں وہ خصوصیت موجود ہے جس کی ہماری بیٹنگ لائن میں کمی ہے، انھوں نے اپنے امکانات کو مضبوط کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کےخلاف جاری ون ڈے سیریز کے پاکستانی سکواڈ میں شامل فاسٹ بولر محمد

عامر اور بیٹسمین آصف علی ورلڈ کپ کے ابتدائی سکواڈ میں شامل نہیں تاہم ان کے پاس انگلش ٹیم کےخلاف بہتر کارکردگی پیش کرکے اپنا کیس مضبوط کرنےکا موقع موجود ہے، عامر کو پہلے ون ڈے کی الیون میں شامل کیا گیا تاہم بارش کی وجہ سے انھیں بولنگ کا موقع ہی نہیں مل سکا جبکہ دوسرے میچ میں وائرل انفیکشن کی وجہ سے انھیں میدان میں نہیں اتارا گیا، اسی مقابلے میں آصف علی نے صرف 36 بالز پر 51 رنز سکور کرکے میگا ایونٹ کے حوالے اپنا کیس مضبوط کیا ہے۔ اگرچہ اب تک ان کے مختصر ایک روزہ کیریئر کے اعدادوشمار متاثر کن نہیں ہیں، انھوں نے 31 کی اوسط سے رنز سکور کیے جن میں سے ہفتے کے روز بنائے جانےوالے 51 رنز ان کا اب تک کھیلی گئی 9 اننگز کا سب سے بڑا سکور ہے، ان میں سے بھی 4 میچز انھوں نے زمبابوے اور افغانستان کے خلاف کھیلے ہیں تاہم جو چیز انھیں دوسروں سے ممتاز کرتی ہے وہ ان کا سٹرائیک ریٹ ہے جوکہ 132.80 ہے، یہ ایک ایسی خصوصیت ہے جوکہ موجودہ پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن میں کسی کے پاس نہیں ہے، انھوں نے اس مختصر کیریئر میں چوکوں سے زیادہ چھکے جڑے ہیں۔ ان کی

دوسرے ون ڈے کی مختصر ہارڈ ہٹنگ نے کوچ مکی آرتھر کو بھی خوش کردیا ہے، وہ کہتے ہیں کہ فخر کی بہترین اننگز کے بعد آصف نے بھی اچھی بیٹنگ مگر افسوس کہ وہ ٹیم کو فنش نہیں کرواپائے، وہ کافی متاثر کن رہے ہیں، یہ کوئی راز کی بات نہیں ہے کہ ہمیں اپنی بیٹنگ لائن میں جس چیز کی کمی کا سامنا ہے وہ پاور ہٹنگ ہے اور آصف ہمارے لیے ایسا کرنےکی صلاحیت رکھتے ہیں، انھوں نے اس اننگز سے اپنے امکانات میں اضافہ کیا ہے۔

FOLLOW US